عمران یوسفزئی ، سپر لیڈ نیوز، پشاور۔ شادی سے انکار پر میڈیکل کی طالبہ کو قتل کرنے والے مجرم کو سزائے موت سنا دی گئی ۔
سپر لیڈ نیوز کے مطابق پشاور کی مقامی عدالت نے عاصمہ رانی قتل کیس کے مجرم مجاہد آفریدی کو سزا سنا دی ۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پشاور نے شاہ زیب اور صادق کو بری کر دیا جن پر سہولت کاری کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
عاصمہ رانی کو 28 جنوری 2018 کو کوہاٹ میں بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔ مجاہد آفریدی نے عاصمہ رانی کو رشتے سے انکار پر پہلے قتل کی دھمکیاں دی تھیں ،جب اس کے اہل خانہ نے بھی انکار کیا تو گولیاں مار کر قتل کردیا اور دبئی فرار ہو گیا ۔
پولیس نے اسے انٹرپول کی مدد سے گرفتارکیا تھا ۔جس کے بعد عدالت نے سزا سنا دی ۔ یاد رہے کہ اس کیس کا سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے از خود نوٹس لیا تھا ۔ حکم نامے کے بعد یہ کیس کوہاٹ کی مقامی عدالت سے پشاور منتقل کر دیا گیا۔
چیف جسٹس نے پولیس کوفوری گرفتاری کا حکم دیا تھا۔ جس کے بعد کے پی پولیس نے شارجہ پولیس سے رابطہ کیا ۔جواب نہ ملنے پر انٹرپول کی مدد سے ملزم کو شارجہ میں گرفتار کر کے پشاور لایا گیا ۔
شادی سے انکار پر میڈیکل کی طالبہ کو قتل کرنے والے مجرم کو سزائے موت کے بعد ورثا نے انصاف ملنے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔عاصمہ رانی کی والدہ نے کہا ہے کہ ملزم کی سزاپر فوری عملدرآمد کیا جائے ۔