برٹنی اسپیئرز کی زندگی کی سب سے بڑی جنگ ، امریکی عدالت میں سنسنی خیز انکشافات

وقت اشاعت :26جون2021

سپر لیڈ نیوز، واشنگٹن ڈی سی ۔ برٹنی اسپیئرز کی زندگی کی سب سے بڑی جنگ ، امریکی عدالت میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آگئے ۔ پہلی مرتبہ گلوکارہ کا براہ راست بیان ریکارڈ کرلیا گیا۔

سپر لیڈ نیوز کے مطابق برٹنی اپنے  والد جیمی اسپیئرز کے خلاف پھر عدالت پہنچ گئی ہیں ۔ گلوکارہ  قانونی طور پر والد کی سرپرستی ختم کرانا چاہتی ہیں ۔ برٹنی اسپیئرز 2008سے والد کی سرپرستی میں ہیں ۔

لاس اینجلس کی  عدالت نے برٹنی کے نفسیاتی مسائل کی وجہ سےوالد کو قانونی سرپرست مقرر  کیا تھا ۔ ان کی ذہنی حالت ٹھیک نہ ہونے کے سبب وہ اپنی زندگی کے فیصلے بھی کرنے سے قاصر تھیں ۔ اسی وجہ سے عدالت نے وراثتی یا سرپرستی قانون کی رو سے والد کو قانونی نگران مقرر کر دیا تھا۔ برٹنی اسپیئرز متعدد مرتبہ اس قانون کو چیلنج کر چکی ہیں تاہم گزشتہ سماعت میں برٹنی کے والد نے عدالت کو قائل کر لیا تھا کہ ان کی بیٹی کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں وہ خود سے کوئی فیصلہ نہیں کرسکتیں جس پر عدالت نے برٹنی کو مزید نگہداشت میں دے دیا تھا۔

برٹنی نے عدالت  کو کیا بتایا ؟

 جمعرات کے  روز سماعت کے دوران برٹنی نے موقف اختیار کیا کہ وہ بالکل تندرست ہیں وہ آزادی چاہتی ہیں ۔ وہ مرضی سے نہ ہنس سکتی ہیں نہ رو سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں کوئی کنسرٹ کرنے سے پہلے اجازت لینی پڑتی ہے یہاں تک کے کسی مرد کے ساتھ تعلق کے لئے بھی  بتانا پڑتا ہے ۔ وہ اسی وجہ سے اپنے ایرانی نژاد بوائے فرینڈ سے شادی نہیں کرسکیں ۔ وہ دوسری اولاد چاہتی تھیں مگر ایسا کرنے سے روک دیا گیا۔ برٹنی نے جذباتی انداز میں کہا کہ اب وقت آگیا ہے انہیں اس غلامانہ زندگی سے چھٹکارا دلوا دیا جائے ۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد سماعت ملتوی کردی ۔  عدالت کے باہر برٹنی کے پرستار بھی موجود تھے جو ان کے حق میں پلے کارڈ اٹھائے  موجود رہے ۔برٹنی اسپیئرز کی زندگی کی سب سے بڑی جنگ ، امریکی عدالت میں سنسنی خیز انکشافات کے بعد ان کے والد نے الزامات کی تردید کی ہے اور اپنی بیٹی کی ذہنی حالت کی بہتری کے لئے نیک خواہشات ظاہر کی ہیں۔