دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، لاہور۔ ٹی 20 ورلڈ کپ،پاکستانی ٹیم میں تبدیلیاں، سرفرازکی واپسی، خوشدل، اعظم خان اور حسنین کی چھٹی ہو گئی ۔
دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق ورلڈ کپ سے پہلے قومی کرکٹ ٹیم میں اچانک تبدیلیاں کر دی گئی ہیں ۔ سرفراز احمد کی ٹیم میں واپسی ہو گئی ہے جس پر ہر کوئی حیرانی کا اظہار کر رہا ہے ۔
پہلے سے اعلان کردہ پاکستان کی 15 رکنی ٹیم میں تین تبدیلیاں سامنے آئی ہیں ۔ بیٹسمین فخر زمان، حیدر علی اور وکٹ کیپر سرفراز احمد اس سکواڈ کا حصہ بنائا گیا ہے جبکہ بیٹسمین خوشدل شاہ، اعظم خان اور فاسٹ بولر محمد حسنین کو سکواڈ سے آؤٹ کر دیا گیا ہے ۔فخر زمان ریزرو کھلاڑیوں میں شامل تھے۔ ان کی حتمی ٹیم میں شمولیت کے بعد اب خوشدل شاہ ریزرو کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں ۔ ریزرو کھلاڑیوں میں شاہنواز دھانی اور عثمان قادر بھی شامل ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ ٹیموں میں تبدیلی کے لیے آئی سی سی نے ڈیڈ لائن کا اعلان کر رکھا ہے ۔ کوالیفائنگ مرحلے میں شریک ٹیمیں 10 اکتوبر تک رد و بدل کر سکتی ہیں جبکہ فائنل راؤنڈ میں کھیلنے والی ٹیموں کو ہر صورت 16 اکتوبر تک کسی بھی تبدیلی سے آگاہ کرنا ہے ۔ اس طرح پاکستانی ٹٰیم میں ڈیڈ لائن سے ایک ہفتہ قبل تبدیلیاں کر لی گئی ہیں ۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے ٹیم کا اعلان کیا تھا جس پر خاصی تنقید کی گئی تھی تاہم تمام کھلاڑیوں کی نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ میں کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور پرفارمنس نہ دینے والے کھلاڑیوں کو باہر کر دیا گیا۔
اس طرح اب پاکستان کا حتمی سکواڈ بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، آصف علی، حیدر علی، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، محمد حفیظ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی اور صہیب مقصود پر مشتمل ہوگا۔