سپر لیڈ نیوز، واشنگٹن ڈی سی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کا تاریخ ساز میچ ، کئی ریکارڈ بن گئے ، ٹیم یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 2وکٹ پر 247رنز بنا ڈالے ۔
سپر لیڈ نیوز کے مطابق ابوظہبی میں کھیلے گئے اسلام آباد اور پشاور کے میچ نے شائقین کرکٹ کے دل جیت لئے ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے رنز کے ڈھیر لگا دیئے تو جواب میں ٹیم زلمی نے بھی زبردست فائٹ بیک کی تاہم پہاڑ جیسے ہدف کو حاصل کرنا آسان نہ تھا۔ اس میچ کی خاص بات متعدد ریکارڈز تھے جو شائقین کرکٹ کو بہت طویل عرصے تک یاد رہیں گے۔
ایک اننگز میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور، ایک میچ میں ٹیموں کا بہترین ایگری گیٹ اور کسی بھی بولر کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز دینے کے ریکارڈ سمیت کئی یادگار لمحات ہمیشہ کے لئے پی ایس ایل کی کرکٹ تاریخ کا حصہ بن گئے ۔
پی ایس ایل کا سب سے بڑا سکور
اسلام آباد کے محض دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے جبکہ سکور 247رنز تک پہنچا جو پی ایس ایل کا اب تک کا سب سے بڑا سکور ہے ۔ یہی نہیں یہ کسی بھی پاکستانی ٹورنامنٹ کا سب بے بڑا سکور بھی ہے ۔ اس سے قبل 2010 میں کراچی ڈولفنز نے لاہور ایگلز کو 243رنز رسید کئے تھے ۔ پی ایس ایل کی بات کریں تو سپر لیگ میں اس سے قبل سب سے بڑا اسکور 238 تھا جو اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2019 میں لاہور قلندرزکے خلاف بنایا تھا ۔
دوسری اننگز کا بھی سب سے بڑا سکور
آج کے میچ میں پشاور زلمی نے چھ وکٹ پر 232 رنزبنائے یاد رہے کہ یہ بھی ریکارڈ بک کا حصہ بن گیا ہے ۔ یہ ٹی ٹوئنٹی میچز میں دوسری اننگز میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل سینٹرل پنجاب نے 2019 میں ناردرن کیخلاف 226 رنز بنائے تھے۔
ٹی20میں دوسری اننگز کے چھٹے بڑے سکور کا بھی ریکارڈ
پشاور زلمی کا 232 رنز کا ٹوٹل دوسری اننگز میں دنیا کی کسی بھی ٹیم کا چھٹا سب سے بڑا ٹوٹل بھی بن گیا ہے ۔
پاکستانی کرکٹ کا سب سے بڑا ایگریگیٹ سکور
دونوں اننگز کو ملا کر 479رنز بنے جو پاکستان کے کسی بھی ٹی ٹوینٹی کا سب سے بڑا ایگریگیٹ ہے ۔
مہنگے ترین بالر کا ریکارڈ
آج کے میچ میں اسلام آباد کے ظفر گوہر نے چار اوورز میں 65 رنز دے کرایک منفی ریکارڈ بھی اپنے نام کیا یعنی وہ پی ایس ایل کے سب سے مہنگے بالر بن گئے ہیں ۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ شاہین آفریدی کے پاس تھا جنہوں نے چار اوورز میں 62 رنز کھائے تھے