SUPER EXCLUSIVESUPER LEADS

علیم خان جہانگیر ترین کے سیاسی طیارے میں سوار، چودھری برادران کی اہمیت کم ہو گئی

وقت اشاعت :8مارچ2022

علی نقوی ، بیوروچیف ، دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، لاہور۔ علیم خان جہانگیر ترین کے سیاسی طیارے میں سوار، چودھری برادران کی اہمیت کم ہو گئی ، پرویز الہیٰ  نے رابطے شروع کر دیئے ۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق علیم خان اور جہانگیر ترین کے ملنے سے پنجاب کی سیاست میں ڈرامائی موڑ آگیا ہے ۔ ایک روزپہلے جہاں سیاست کا محور چودھری برادران تھے مگر اب چودھری برادران خود عمران خان کو  پنجاب کے سیاسی مستقبل کے لئے بڑے فیصلے کی ترغیب دے رہے ہیں ۔ترین گروپ اب پنجاب کےتخت کی جنگ کا محور بن گیا ہے ۔  پیر کے روز پرویز الہیٰ اور تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید میں ملاقات ہوئی ۔ اس موقع پر پرویز الہیٰ نے کہا کہ حالات حکومت کے ہاتھ سے تیزی سے نکل رہے ہیں ۔  سیاست میں جو پہلے قدم اٹھاتا ہے اس کی  برتری رہتی ہے ۔ اس لئے عمران خان آگے بڑھ کر پہلے ہی کوئی بڑا فیصلہ لےلیں۔

پرویز الہیٰ نے کیا اپوزیشن کی پیشکش ٹھکرا کر اپنی سیاست کو نقصان پہنچا لیا ؟

تجزیہ کار خالد چودھری اس امر سے اتفاق کرتے ہیں ۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام سے گفتگو میں خالد چودھری نے کہا کہ چودھری برادران نے اپنی اہمیت کم کروالی ہے ۔ شہباز شریف کا عشائیہ ٹھکرا کر غلط سیاسی فیصلہ کیا گیا۔ اپوزیشن نے پرویز الہیٰ کو وزیراعلیٰ پنجاب بننے کی پیشکش کی تھی تاہم چودھری برادران نے عمران خان سے اتحاد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

ایک روز قبل چودھری برادران ہی پنجاب کی سیاست کا محور تھے مگر اب گیم تبدیل ہوچکی ہے ۔ چودھری برادران کے ہاتھ کچھ نہیں رہا۔ انہوں نے کہا عمران خان کی اب پوری کوشش ترین گروپ کو راضی کرنے میں ہوگی ۔ اگر پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو ظاہر سی بات ہے ترین گروپ کی کاوشوں سے ہی ہوگی ۔   یقینی طور پر نیا سیٹ اپ طے پا چکا ہے اور اس میں چودھری برادران کی جگہ نظر نہیں آرہی ۔

Related Articles

Back to top button