SUPER LEADS

ہنی مون ختم ، افغان طالبان پاکستان کے خلاف کھل کر سامنے آگئے ، پی آئی اے کے سٹیشن ماسٹر کو یرغمال بنائے رکھا

وقت اشاعت :15اکتوبر2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، واشنگٹن ڈی سی ۔ ہنی مون ختم ، افغان طالبان پاکستان کے خلاف کھل کر سامنے آگئے ، پی آئی اے کے سٹیشن ماسٹر کو یرغمال بنائے رکھا ۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق افغان طالبان نے اپنا اصل چہرہ دکھانا شروع کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے  عالمی برادری سے طالبان کی مدد کی اپیلیں کرنے کےباوجود طالبان روایتی سرد مہری کا مظاہرہ کرنے لگے ۔ کابل میں قومی ایئر لائنز کے سٹیشن ماسٹر کو دو گھنٹے تک یرغمال بنائے رکھا۔ پاکستانی اعلیٰ حکام کی جانب سے طالبان کی سینئر قیادت سے رابطے کے بعد رہائی عمل میں آئی ۔ بطور احتجاج پی آئی اے نے کابل کے لئے تمام پروازیں منسوخ کر دیں اور آپریشن مستقبل میں بھی شروع کرنے سے صاف انکار کردیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے نے کابل کے لیے  ہر قسم کا فلائٹ آپریشن معطل کردیا۔ کابل آپریشن اگلے احکامات تک معطل رہے گا۔پی آئی اے نے افغانستان کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر 3 ہزار کے قریب افراد کا انخلا کروایا ۔پی آئی اے نے اقوام متحدہ، عالمی بینک، آئی ایم ایف سمیت دیگر عالمی اداروں اور عالمی میڈیا کے اداروں کے صحافیوں کو بھی کابل سے نکالا لیکن طالبان کا رویہ نا قابل قبول ہے ۔

پی آئی اے کے کپتان اور عملے نے جان خطرے میں ڈال کر بھی افغانستان سے انخلا کیا اس کے باوجود طالبان حکومت کے مشیر ہوا بازی ہرزہ سرائی کر رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل افغان مشیر ہوا بازی نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا تھا کہ پاکستان  کی اجارہ داری یہاں نہیں چلنے دیں گے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے احتیاطی تدابیر کے طور پر کوئی مذمتی بیان جاری نہیں کیا گیا ۔

Related Articles

Back to top button