دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ قومی حساس منظر نامے سے وقتی طو رپر غائب ہونے کی کوشش ناکام ، شیخ رشید کو دبئی سے واپس بلا لیا گیا ۔
دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق شیخ رشید کرکٹ ورلڈ دیکھنے کا بہانہ بنا کر رواں ہفتے دبئی میں ہی قیام کرنے کا ارادہ رکھتے تھے ۔ اس سلسلے میں جمعرات کی شام شیخ رشید دبئی روانہ ہو گئے ۔ اس دورے کا اعلان انہوں نے چند روز پہلےہی کر رکھا تھا ۔ ذرائع کے مطابق شیخ رشید کالعدم ٹی ایل پی کے احتجاج سے جان چھڑانے کےلئے فی الحال منظر نامے سے غائب ہونے کی تیاری پکڑ رہے تھے ۔ حالات کا اندازہ لگاتے ہوئے انہوں نے ٹی ایل پی کے احتجاج کے پہلے روز ہی باہرجانے کا ٹکٹ کنفرم کرایا ۔ طے شدہ پلان کے مطابق وہ جمعرات کی رات کو قومی ایئرلائنز کی پرواز سے دبئی لینڈ کر گئے ۔
دوسری جانب بڑھتے احتجاج کے باعث وزیراعظم نے انہیں فوری واپس پہنچنے کی ہدایت کردی جس کے بعد انہیں مجبوری کے طور پر واپس آنا پڑا۔ اگرچہ وزیراعظم خود سعودی عرب روانہ ہو گئے ۔
ہفتے کی صبح وطن واپس پہنچنے پر وزیر داخلہ کو سیدھا لاہور پہنچنا پڑا جہاں انہوں نے مصروف دن گزارا۔ وزیرداخلہ کی زیرصدارت اجلاس بھی ہوا جس میں کالعدم جماعت کے احتجاج سے متعلق مشاورت ہوئی ۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ مظاہرین کو کسی صورت اسلام آباد میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔