کالعدم ٹی ایل پی کا راستہ روکنے کےلئے انوکھے فیصلے ، حکومت نے جی ٹی روڈ پر خندقیں کھود کر سڑک خراب کر دی

وقت اشاعت :24اکتوبر2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، گوجرانوالہ ۔ کالعدم ٹی ایل پی کا راستہ روکنے کےلئے انوکھے فیصلے ، حکومت نے جی ٹی روڈ پر خندقیں کھود کر سڑک خراب کر دی ، مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام  کے مطابق کالعدم جماعت کا احتجاجی مارچ روکنے کےلئے حکومت نے عجیب و غریب فیصلے لینے شروع کر دیئے ۔ مرکزی جی ٹی روڈ ہی کھود ڈالی گئی ۔ وزیر آباد ٹول پلازہ کے قریب سڑک کو عین درمیان سے بارہ فٹ تک کھود دیا گیا۔ خندق کی چوڑائی اٹھارہ فٹ رکھی گئی ہے جبکہ اس کی لمبی پچاس فٹ سے زائد ہے ۔ انتظامیہ نے جی ٹی روڈ کے اطراف پر کچی زمین بھی کھود ڈالی تاکہ مظاہرین کسی صورت آگے نہ بڑھ سکیں ۔ سڑک کھودنے پر مقامی آبادی نے شدید غصے کا اظہار کیا ہے ۔

ناصر نامی شہری نے کہا کہ اس حکومت کو نئی سڑکیں بنانے کی تو توفیق نہیں جو سڑکیں بنی ہوئی ہیں یہ اسے بھی توڑ رہی ہے ۔ نجیب نامی شہری نے کہا کہ جی ٹی روڈ برباد کر دی گئی یہ کوئی نہیں کہہ سکتا کہ حکومت اس اہم شاہراہ کا یہ حصہ کب بحال کرے گی ۔ نمائندہ دی سپر لیڈ ڈاٹ کام نے جب ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا تو ایک افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا گیا کہ اوپر سے ایسا کرنے کے آرڈر آئے  ہیں اس میں ہماری مرضی شامل نہیں ۔