دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ عاصمہ جہانگیر کانفرنس کا آخری روز ، علی احمد کرد کا سحر آخری مراحل تک نہ ٹوٹ پایا ، انہوں نے کھل کر عدلیہ پر تنقید کی ۔
دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب میں علی احمد کرد نے کہا کہ ایک جرنیل ہی اس ملک کو نیچےلگا رہا ہے ۔ انہوں نے اپنی تقریر کے دوران فوجی آمروں کو مخاطب کرتے ہوئے ایک جرنیل کا لفظ استعمال کیا۔ علی احمد کرد نے کہا ایک جرنیل نے اس ملک کو تباہ کر دیا۔ سب اس کے جوتے کی نوک پر ہیں ۔ یہ ایک جرنیل جب سے پاکستان بنا ہے تب سے اپنی اجارہ داری چاہتا ہے ۔ یہی ایک جرنیل بائیس کروڑ عوام پر بھاری ہے ۔ ۔ یا تو اس جرنیل کو نیچے آنا پڑے گا یا لوگوں کو اوپر جانا پڑے گا۔ دو ہی صورتیں ہیں، تب ہی برابری ہوگی ۔
علی احمد کرد نے مزید کہا کہ پاکستان کی عدلیہ کو رول آف لا انڈیکس میں 126ویں نمبر پر جرنیلوں نے پہنچایا ہے۔ اس سے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی ضرورت ہے جو ستر سال سے آنکھیں دکھا رہا ہے۔ ملک کے ساتھ مذاق ہو رہا ہے، بلوچستان میں لوگوں کو ایجنسیاں اٹھا کر لے جاتی ہیں۔ علی احمد کرد نے سوال اٹھایا کہ ملک میں کون سی عدلیہ موجود ہے؟ کیا اُس عدلیہ کی بات ہو رہی ہے جہاں لوگ صبح آٹھ بجے سے ڈھائی بجے تک انصاف کے لیے جاتے ہیں اور ڈھائی بجے لوگ سینوں پر زخم لے کر گھر کی راہ لیتے ہیں؟کیا یہ عدلیہ انسانی حقوق کی حفاظت اور جمہوری اداروں کی حفاظت کرے گی؟