ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو ٹیپ کا تہلکہ ،سابق چیف جسٹس نے آڈیو جعلی قرار دے دی

وقت اشاعت :22نومبر2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔  ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو ٹیپ کا تہلکہ ،سابق چیف جسٹس نے آڈیو جعلی قرار دے دی۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق ملکی سیاست میں ویڈیو ، سابق سینئر جج کے حلف نامے کے بعد آڈیو ٹیپ نے تہلکہ مچا دیا ہے ۔ یہ آڈیو مبینہ طور پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی ہے جس میں وہ مبینہ طور پر ملکی سیاست میں عمران خان کو جتوانے کے لئے نواز شریف اور مریم نواز کو سزا دلوانے کی بات کر رہے ہیں ۔ اس آڈیو میں مبینہ طور پر وہ مریم نواز کو بے قصور بھی تسلیم کر رہے ہیں ۔ اس آڈیو ٹیپ کے بعد سابق چیف جسٹس نے کھل کر وضاحت کردی۔ پاکستان کے مختلف ٹی وی چینلز  سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ آڈیو ان کی نہیں ۔ نہ ہی کبھی کوئی ایسی بات ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ قانونی چارہ جوئی کا سوچ رہے ہیں ۔

 واضح رہے کہ چند روز قبل گلگت بلتستان کے سینئر جج رانا شمیم نے ایک حلف نامے میں ثاقب نثار پر سنگین الزامات عائد کئے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ثاقب نثار کو خود فون پر کسی دوسرے جج کو ہدایات دیتے سنا جس میں وہ نوازشریف  اور مریم نواز کو ہر صورت جیل میں رکھنے کی بات کر رہے تھے ۔