دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ کچھ بینک اکاؤنٹس ڈبل شمار ہوئے جس سے غلط فہمی ہوئی ، تحریک انصاف کی تمام فنڈنگ کا ریکارڈ موجود ہے ، فواد چودھری نے پریس کانفرنس میں وضاحت دینے کی کوشش کی ۔
دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق الیکشن کمیشن سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد فواد چودھری اور فرخ حبیب نے پریس کانفرنس کی اور حکومتی موقف سے آگاہ کیا۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایک ایک روپے کا حساب الیکشن کمیشن کو دیا ہے۔ کچھ ڈبل اکاؤنٹس شمار کر لیے گئے جس سے الیکشن کمیشن کوغلط فہمی پیدا ہوئی ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے صرف 26 اکاؤنٹس کی بات کی تھی ۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سٹیٹ بینک سے رپورٹ تحریک انصاف کی حکومت بننے سے پہلے حاصل کی تھی جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ موجودہ سٹیٹ بینک کے سیٹ اپ نے یہ معلومات دی ہیں تو یہ غلط ہے ۔
اس موقع پر انہوں نے باقی جماعتوں کی رپورٹ جاری نہ کرنے پر اعتراض عائد کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ایل پی کی تو کوئی سکروٹنی ہی نہیں کی جارہی ہے۔ نواز شریف نے تو اپنی جماعت کے بینک اکاؤنٹس کو منی لانڈرنگ کے لئے استعمال کیا تھا۔ ان کے خلاف آخر کوئی کیو ں بات نہیں کر رہا ؟