SUPER LEADS

ایبسلوٹلی ۔۔امپاسیبل! آصف زرداری کا ملک ریاض کو عمران خان کی مفاہمتی پیشکش پر جواب

وقت اشاعت :29مئی2022

قاسم چوہان، دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، کراچی ۔ ایبسلوٹلی ۔۔امپاسیبل! آصف زرداری کا ملک ریاض کو عمران خان کی مفاہمتی پیشکش پر جواب، نئی آڈیو ٹیپ نے تہلکہ مچا دیا۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق ملکی سیاست میں ایک اور ڈرامائی موڑ نے سب کو حیران کر دیا ہے ۔ اس مرتبہ ملک کے سب سے بڑے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کی سابق صدر آصف زرداری کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو لیک ہوئی ہے ۔ مبینہ آڈیو میں ملک ریاض کی آواز صاف پہچانی جا سکتی ہے جبکہ آصف زرداری کی آواز بھی صاف سنائی دے رہی ہے ۔

مبینہ آڈیو میں فون ریسیو ہونے پر آصف زرداری کہتے ہیں کہ ’ہیلو‘۔  اس پر ملک ریاض کہتے ہیں کہ ‘السلام علیکم سر‘، سابق صدر جواب میں کہتے ہیں کہ ‘وعلیکم السلام، خیریت؟‘

اس کے بعد ملک ریاض کہتے ہیں ’سر بس بتانا تھا، میں نے پہلے بھی آپ کو بتایا تھا، باتیں آپ سے کرنی ہیں، آپ نے کہا تھا بعد میں کریں گے۔۔ آپ کو انفارمیشن دینی تھی، خان کی طرف سے مجھے بڑے میسجز تھے کہ پیچ اپ کروا دیں آپ کے ساتھ۔۔ آج تو اس نے مجھے بہت ہی میسجز کیے‘۔ اس کےجواب میں سابق صدر کہتے ہیں کہ ’اب امپاسیبل ہے ناں‘۔ اس کے جواب میں  بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کہتے ہیں کہ نہیں ٹھیک ہے، بس آپ کے سامنے بات رکھ دوں۔اس گفتگو میں آصف زرداری کھانستے ہوئے بھی سنائی دیئے  جس سے اس  آڈیو کے اصلی ہونے میں کوئی ابہام باقی نہیں رہتا ۔

مبینہ آڈیو ٹیپ حالیہ دنوں کی ہے یاتحریک عدم اعتماد سے پہلے کی ؟

یہ گفتگو تحریک عدم اعتماد سے پہلے کی ہے یا لانگ مارچ سے پہلے یہ گفتگو ہوئی اس کے بارے میں حتمی طور پر کچھ سامنے نہیں آسکا تاہم تجزیہ کاروں کے مطابق یہ عدم اعتماد کے دنوں کی بات ہوسکتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اس انکار کے بعد عمران خان کا رویہ بھی جارحانہ ہو گیا اور وہ جلسوں میں آصف زرداری کے خلاف بھی خوب کھل کر بولتے رہے ۔

یہ آڈیو ایجنسیوں کی جانب سے جاری ہوئی ہے یا پھرپیپلز پارٹی  کی جانب سے ہی لیک کی گئی اس حوالے سے بھی کچھ واضح نہیں تاہم بعض حکومتی حلقے اسے عمران خان کی ناکام اور ختم ہوتی سیاست سے تعبیر کر رہے ہیں ۔ اسی طرح بعض تجزیہ کاروں نے اس گفتگو سے یہ بھی مطلب لیا ہے کہ ماضی میں عمران خان اور آصف زرداری کے بیک ڈور رابطوں کی کوشش ہوئی تھی تاہم سابق صدر نے واضح کر دیا کہ  اب یہ پیچ اپ ممکن نہیں ۔ سیاسی کشمکش میں یہ بھی واضح ہو گیا ہے کہ آصف زرداری ہی تمام تر معاملات میں فرنٹ مین ہیں اور اپنی سیاسی بصیرت سے تمام معاملات کو لیڈ کر رہے ہیں۔  

Related Articles

Back to top button