پرانے دوست اختلافات بھلا کر پھر ساتھ چلنے کو تیار، پیپلز پارٹی اور متحدہ میں معاملات طے پا گئے

وقت اشاعت :15مارچ2022

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام،اسلام آباد  ۔ پرانے دوست اختلافات بھلا کر پھر ساتھ چلنے کو تیار، پیپلز پارٹی اور متحدہ میں معاملات طے پا گئے ۔

دی سپرلیڈڈاٹ کام کے مطابق ملکی سیاست میں ایک اور بڑا سرپرائز آگیا۔ سخت بیان بازی کے بعد پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پھر ایک ہونے لگے ۔ پیر کے روز زرداری ہاؤس میں پیپلز پارٹی کی قیادت اور متحدہ رہنماؤں میں اہم ملاقات ہوئی ۔ گلے شکوے ہوئے مگر اختتام پر دونوں جماعتیں ایک پیج پر آگئیں ۔ متحدہ نے پھر پیپلز پارٹی سے ہاتھ ملا لیا۔ یوں ماضی کے دوست پھر حکومت مخالف ایجنڈے پر ایک ہو گئے ۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی میں اہم نکات پر اتفاق ہو گیا ہے ۔ ایم کیو ایم کیو کو پی ٹی آئی کا ساتھ چھوڑنے پر سندھ کی گورنر شپ دی جائے گی ۔ وفاق کی نمبر گیم پر مزید شہباز شریف متحدہ ارکان کو اعتماد میں لیں گے ۔ اس اہم ملاقات کے بعد ایم کیو ایم کی جانب سے محتاط رویہ دکھاتے ہوئے واضح اعلان تو نہ کیا گیا مگر ذرائع کے مطابق تمام امور پر اتفاق رائے پایا گیا ہے ۔ زرداری ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں یوسف رضا گیلانی، سید مراد علی شاہ، ناصرحسین شاہ، سعید ‏غنی بھی موجود تھے ۔