ندیم چشتی، بیورو چیف، دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی نجی ٹی وی سے گفتگو کے کچھ ہی دیر بعد عمران خان کا جمعہ کو لانگ مارچ کا اعلان سامنے آگیا۔
دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر کے نجی ٹی وی کو دیئے گئے بیپر کے کچھ ہی دیر بعد عمران خان نے لانگ مارچ کا اعلان کر دیا۔ اس سے قبل عمران خان کہہ چکے تھے کہ وہ جمعرات یا جمعہ کو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کریں گے مگر عمران خان نے اپنے پلان میں تبدیلی کرتے ہوئے اچانک ہی لانگ مارچ کااعلان کیا ۔ عمران خان کے مطابق لانگ مارچ کا آغاز لاہور لبرٹی چوک سے ہوگا۔ قافلے جی ٹی روڈ سے ہوتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے ۔
لانگ مارچ پر امن ہوگا، ریڈ زون نہیں جائیں گے ، عمران خان
انہوں نے کہا کہ ہمارا مارچ پُر امن احتجاج ہوگا، ہم پر امن احتجاج کرتے آئے ہیں ۔ ہمارے جلسوں میں فیملیز آتی ہیں ۔ ہم لڑائی نہیں چاہتے ۔ ریڈ زون بھی نہیں جائیں گے ۔ ہم وہاں جلسہ کریں گے جہاں عدالتوں نے ہمیں اجازت دی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے غیر ذمہ دار کہا گیا۔ یہ بھی کہا گیا کہ آپ مشکل وقت میں لانگ مارچ کر رہے ہیں۔ لیکن ملک اب خطرے میں ہے اور لانگ مارچ ناگزیر ہو گیا ہے ۔
فضل الرحمان نے ہمارے خلاف 2 مارچ کیے، بلاول نے بھی ایک مارچ کیا، مریم نواز نے بھی ایک لانگ مارچ کیا جو گوجر خان میں ہی رہ گیا تھا۔ عمران خان نے سوال اٹھایا کہ اس وقت توکسی کو خیال نہیں آیا کہ ملک کے معاشی حالات ٹھیک نہیں۔سندھ ہاؤس میں لوگوں کو خرید کر ہماری حکومت گرائی گئی لیکن اب بھرپور احتجاج ہوگا۔