عمرا ن خان نے 19لاکھ کی گھڑی 9لاکھ ، 10لاکھ روپے کا ہیروں کا لاکٹ ، بُندے، انگوٹھی اور سونے کے کڑے 5لاکھ میں خریدے ، توشہ خانہ ریفرنس کی تفصیلات سامنے آگئیں

وقت اشاعت :21اکتوبر2022

ندیم چشتی ، بیورو چیف ، دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ عمرا ن خان نے 19لاکھ کی گھڑی 9لاکھ ، 10لاکھ روپے کا ہیروں کا لاکٹ ، بُندے، انگوٹھی اور سونے کے کڑے 5لاکھ میں خریدے ، توشہ خانہ ریفرنس کی تفصیلات سامنے آگئیں۔  

توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن سے پانچ سال کے لئے نا اہل ہونے والے عمران خان کےخلاف ریفرنس کی تفصیلات سامنے آگئیں ۔ دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کو موصول ہونے والی ریفرنس دستاویز کے مطابق عمران خان نےوزیراعظم آفس کے  توشہ خانہ سے 14 کروڑ 20 لاکھ 42 ہزار روپے مالیت کے تحائف حاصل کیے جب کہ 30 ہزار روپے مالیت سے زائد کے تحائف ادائیگی کرکے گھر لے گئے ۔ دستاویز کے مطابق عمران خان نے ان تحائف کے 3 کروڑ 81 لاکھ ستتر ہزار روپے ادا کیے اور 8 لاکھ مالیت کے تحائف کی ادائیگی نہیں کی ۔

 

سابق خاتون اول نے کیا خریدا ؟

عمران خان کی اہلیہ نے 58 لاکھ 59 ہزار روپے کے ہار، بُندے، انگوٹھی اور کڑا 29 لاکھ 14 ہزار روپے وصول کرکے  حاصل کرلئے ۔دستیاب دستاویز کے مطابق   سابق خاتون اول کو ملنے والے تحائف کی ادائیگی عمران خان نے خود کی ۔

ذرائع کے مطابق آٹھ  لاکھ مالیت کے تحائف کی ادائیگی نہیں کی گئی ممکنہ طور پر وہ خاتون اول کو ملنے والے سونے اور ہیرے کے تحائف ہی تھے ۔

 

عمران خان کو ملنے والی گھڑی کی مالیت 8کروڑ 50لاکھ روپے تھی

اسی طرح  عمران خان نے گھڑی ،کف لنکس، پین، انگوٹھی 2کروڑ 27 لاکھ روپے دے کرسمیٹ لی ۔ الیکشن کمیشن میں دی گئی تفصیلات کے مطابق عمران خان کی حاصل کی گئی گھڑی کی اصل مالیت 8 کروڑ 50 لاکھ تھی ۔ اسی طرح کف لنکس کی اصل مالیت 56 لاکھ روپے، پین کی اصل مالیت 15 لاکھ اور انگوٹھی کی اصل مالیت 87 لاکھ ہے۔

سابق وزیراعظم نے 15 لاکھ روپے مالیت کی ایک  گھڑی 2 لاکھ 94 ہزار ، 17 لاکھ روپے مالیت کے پرفیوم ، دیگر گھڑیاں، آئی فون اور سوٹ 3 لاکھ 38 ہزار روپے دے کر حاصل کرلیں ۔ اسی طرح  ووڈ باکسز، عطر کی بوتلیں ، تسبیح 2 لاکھ چالیس ہزار روپے دے کر اپنی تحویل میں لے لیں ۔

 

عمران خان کے خلاف  الیکشن  کمیشن میں ریفرنس کس نے بھیجا ؟

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس کا فیصلہ 19 ستمبرکو محفوظ کیا تھا۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اگست میں اراکین قومی اسمبلی کی درخواست پر عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس الیکشن کمیشن کو  بھیجا تھا جس میں ان کی نااہلی کی درخواست کی گئی  تھی۔اتحادی حکومت  کی جانب سے دائر ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے اپنے اثاثوں میں توشہ خانہ سے لیےگئے تحائف اور ان تحائف کی فروخت سے حاصل کی گئی رقم کی تفصیل نہیں بتائی۔

عمران خان  کا موقف کیا تھا ؟

عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا تھا کہ ان ک خلاف توشہ خانہ ریفرنس بلا جواز اور بے بنیاد ہے۔  ریفرنس بدنیتی پر مبنی ہے اور سیاسی مقاصد کے لیے  دائر ہوا ہے ۔ توشہ خانہ ریفرنس اختیارات کا ناجائز استعمال اور آئینی اختیارات کی توہین بھی ہے ۔ عمران  خان کے مطابق ریفرنس بھیجنا ہی غیر قانونی ہے ۔ الیکشن کمیشن بھی اس ریفرنس کو نہیں دیکھ سکتا۔ تمام الزامات غلط ہیں ۔