دی سپرلیڈ نیوز ،اسلام آباد : پاکستان میں سیلاب نے ایک مرتبہ پھر تبای مچا دی ہے ۔جس کے بعد شمالی علاقہ جات براہ راست خطرات کی لپیٹ میں آگئے ہیں ۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بارشوں کا نیا سلسلہ بائیس اگست تک جاری رہے گا ،جس میں متعدد مقامات پر طوفانی بارش متوقع ہے ۔ اسلام آباد میں این ڈی ایم اے حکام نے میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ 22 اگست کے بعد مون سون کا ایک اور سلسلہ شروع ہو گا۔ بارشوں کے 3 مزید سلسلے پاکستان کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
حکام نے مزید کہا کہ خلیج بنگال کی جانب سے ایک نیا بارشوں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ہونے والا ہے ۔یہ سلسلہ افغانستان کے ننگرہار اور قندھار ریجن میں بارش برسانے کےبعد پاکستانی علاقوں میں داخل ہوگا۔ جس کے اثرات کے پی اور پنجاب تک ہونگے ۔ جنرل منیجر این ڈی ایم اے زارا حسن نے بتایا کہ اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں شدید بارشیں ہونگی ۔ اسی طرح تربیلا ڈیم 98 فیصد بھر چکا ہے۔ اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران پانی کے ذخائر میں خطرناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔
ممبر آپریشنز این ڈی ایم اے بریگیڈیئر کامران نے بتایا کہ فروری 2025 سے موجودہ مون سون کے لئے تیاری شروع کر دی گئی تھی۔ بونیر اور باجوڑ میں تباہی کلاؤڈ برسٹ سے ہوئی ہے جس سے ندلی نالے میں تباہی ہوئی ۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے اس موقع پر بتایا کہ موسم گرما میں شدید گرمی پڑی ہے جس سے مون سون کا پھیلاؤ زیادہ ہوا ہے ۔ ستمبر کے پہلے دس دنوں تک مون سون کے اسپیل باقی رہیں گے۔




