سری لنکا پھر مشکل وقت میں دورہ پاکستان کے لئے تیار ہوگیا

وقت اشاعت :22ستمبر2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، کولمبو۔ سری لنکا پھر مشکل وقت میں دورہ پاکستان کے لئے تیار ہو گیا، سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری موہن ڈی سلوا نے بڑا بیان دے دیا۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق مشکل وقت میں تین ٹیموں کے انکار کے بعد سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ایک مرتبہ پھر پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ  کے تسلسل کے لئے گرین سگنل دے دیا۔ موہن ڈی سلوا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر پی سی بی نے ہمیں دورہ پاکستان کی دعوت دی تو ہم سنجیدگی سے غور کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی سکیورٹی پر مکمل اعتبار ہے ۔ پاکستان کے پاس جدید ترین فورس ہے ، جدید کیمروں سے ہر چیز کی نگرانی کی جاتی ہے ۔ اب کوئی گڑ بڑ ہوئی تو  یقین ہے کہ حملہ آور بچ کر نہیں جا سکتے ۔

انہوں نے کہا کہ میں نے خود بھی پاکستان کا دورہ کیا ہے ۔ پاکستان کرکٹ کے لئے محفوظ ملک ہے ۔ واضح رہے  کہ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کہہ چکے ہیں کہ متبادل کے طور پر سری لنکن اور بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈ سے رابطہ ہو سکتا ہے مگر ہنگامی طور پر لاجسٹک سپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے فوری طور پر میچز کا انعقاد مشکل ہے ۔