SUPER LEADS

پی ٹی آئی کا اگلا چیئرمین کون ہوگا؟ معاملہ مزید الجھ گیا

وقت اشاعت:28نومبر2023

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ پی ٹی آئی کا اگلا چیئرمین کون ہوگا؟ معاملہ مزید الجھ گیا ، تحریک انصاف کے رہنما متضاد دعوے کرنے لگے ۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کےحوالے سے ابہام پیدا ہو گیا ہے ۔ ایک کے بعد ایک متنازع بیان کے بعد یہ سوال پیدا ہو گیا ہے کہ اگلا چیئرمین کون ہوگا؟ اس حوالے سے پارٹی کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت نے میڈیا  سے گفتگو میں کہا کہ توشہ خانہ کیس میں سزا کے بعد قانونی قدغن کی وجہ سے خان صاحب چیئرمین پی ٹی آئی کا الیکشن نہیں لڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے خود فیصلہ کیا ہے کہ وہ اب پارٹی کی صدارت کا الیکشن نہیں لڑیں گے ۔ دوسری جانب معاملہ مزید تب الجھا جب چند گھنٹوں بعد ہی پارٹی کے ترجمان نے شیر افضل مروت کے دعوے کی تردید کر دی ۔

میڈیا میں جاری قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں:ترجمان پی ٹی آئی

ترجمان شعیب شاہین  نے جاری بیان میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد اور چیئرمین عمران خان کے نئی مدت کیلئے انتخاب میں حصہ لینے کا معاملہ پیچیدہ ہرگز نہیں ۔ میڈیا میں جاری قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں ۔ ترجمان نے کہا انٹرا پارٹی انتخاب  کے انعقاد کے حوالے سے تمام اہم امور پر غور و خوض کا سلسلہ جاری ہے۔ چیئرمین عمران خان کی انتخابات سے دستبرداری یا کسی اور رہنما کی نامزدگی کا ہرگز کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انٹراپارٹی انتخابات کے انعقاد، تاریخ و طریقۂ کار اور امیدواران کے تعین سمیت تمام اہم معاملات پر جوں ہی قیادت کسی نتیجے پر پہنچے گی اسے باضابطہ طور پر جاری کیا جائے گا۔

Related Articles

Back to top button