کوہستان  میں غیرت کے  نام پر قتل کی کوشش ، پولیس کے بروقت ایکشن سے لڑکی کی  جان بچ گئی ، والد اور چچا گرفتار

وقت اشاعت :9اپریل2024

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، پشاور۔ کوہستان  میں غیرت کے  نام پر قتل کی کوشش ، پولیس کے بروقت ایکشن سے لڑکی  کی  جان بچ گئی ، والد اور چچا گرفتار   کر لئے گئے ۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق بدنام زمانہ علاقے کوہستان  میں ایک اور غیرت کے نام پراقدام قتل کا کیس ،  میٹرک کی طالبہ بازیاب  کرا لی گئی ۔ پولیس کی بروقت کارروائی سے لڑکی کی جان بچ گئی ۔ شانگلہ پولیس کے مطابق لڑکی کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کا پلان تھا۔ لڑکی کو زبردستی لے جایا جارہا تھا۔ لوئر کوہستان اور کنٹرول روم شانگہ میں اطلاع موصول ہوئی کہ نائما نامی لڑکی کو قتل کیا جارہا ہے ۔

مزید بتایا گیا کہ  کوہستان کے علاقے جالکوٹ  میں لڑکی نائمہ کے  والد شبیر خان، چچا عبدالرشید و دیگر قتل کرنے کی غرض سے کوہستان لے جارہے ہیں وہاں  جا کر اسے مار دیا جائے گا۔ اطلاع موصول ہونے پر دوپہر ساڑھے تین بجے جالکوٹ جانے والی گاڑی کو روک کر 17 سے 18 سالہ نائمہ کو بازیاب کرا لیا گیا۔ پولیس کے مطابق  نائمہ مانسہرہ کی رہائشی اور دسویں جماعت کی طالبہ ہے ۔ اس کی گزشتہ چار سے پانچ ماہ سے اپنے پڑوسی اور کوہستان کے محکمہ پولیس کے ملازم نسیم کے ساتھ  دوستی تھی ۔

نائمہ ایک روز قبل  نسیم کے ساتھ بات چیت کر رہی تھی کہ والدین نے اسے گفتگو کرتے ہوئے دیکھ لیا جس پر نسیم موقع سے بھاگ گیا جبکہ نائمہ کے والدین اور چچا نے اسے شدید زدوکوب کیا اور کوہستان ایک مکان میں لے جا کر قتل کا منصوبہ بنایا جو بے نقاب ہو گیا اور لڑکی کی جان بچ گئی ۔ ضلعی پولیس کے سربراہ نے پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے لڑکی کو مکمل تحفظ فراہم کرنے  کی ہدایات جاری کی ہیں ۔