محمد علی جدون،نیوجرسی ۔ امریکی الیکشن کاکاؤنٹ ڈاؤن،سیاسی پارہ چڑھ گیا ۔صدارتی الیکشن کے لیے قبل ازوقت ووٹنگ میں چھیاسی ملین شہریوں نے حق رائے دہی استعمال کر لیا
سپر لیڈ نیوز کے مطابق جارجیا میں قبل ازوقت ووٹنگ کے لیے قطاریں لگی رہیں ۔ سوئنگ سٹیٹ پنسلوینیا میں ڈاک کے ذریعے ووٹروں کو بھیجے گئے ہزاروں بیلٹ گم ہو گئے ۔امریکا کے تین نومبر کے صدارتی الیکشن میں عوام اس قدر پرجوش ہیں کہ دو ہزار سولہ کے انتخاب میں پولنگ کا تریسٹھ فیصد قبل از وقت ووٹنگ میں ہی مکمل ہوگیا ۔ ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق ڈیموکریٹ ووٹرز کی زیادہ تعداد قبل از وقت ووٹنگ میں شریک ہوئی ۔
پنسلوینیا کی بٹلر کاؤنٹی میں دس ہزار سے زیادہ بیلٹس غائب ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے ۔ کاؤنٹی میں ڈیڑھ لاکھ ووٹ رجسٹرڈ ہیں اور چالیس ہزار بیلٹ ووٹروں کو بھجوائے گئے تھے لیکن اب تک صرف اکیس ہزار تین سو واپس پہنچے ہیں ۔ حکام کا کہنا ہے کہ دس ہزار فون کالز موصول ہوئیں جن میں کہا گیا کہ انہیں بیلٹ نہیں ملے ۔
پنسلوینیا اور وسکونسن میں حکام نے خبردار کیا ہے کہ بذریعہ ڈاک آنے والے ووٹوں کی گنتی میں کئی دن لگ سکتے ہیں جس سے الیکشن نتائج میں تاخیر کے خدشات نے سر اٹھا لیا ہے ۔ الیکشن نتائج میں تاخیر سے امن و امان کا مسئلہ بھی ہو سکتاہے ۔ امریکی سلامتی کے ادارے اس حوالے سے مختلف خدشات کا اظہا رکر رے ہیں ۔ سکیورٹی حکام کسی بھی پرتشدد احتجاج سے نمٹنے کی تیاری کر رہے ہیں ۔ امریکی الیکشن کاکاؤنٹ ڈاؤن،سیاسی پارہ چڑھ گیا جس کے بعد امریکی میڈیا میں بھی گرما گرم تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔