کیپٹن صفدر نےصرف ووٹ کوعزت دوکا نعرہ لگایا،قاری کاعدالت میں بیان ہو گیا۔ قاری کے مطابق کیپٹن صفدر نے مزار پر کوئی بے حرمتی نہیں کی ۔
مزار قائد بے حرمتی کیس میں کیپٹن صفدراور مریم نواز کو کلین چٹ مل گئی۔ کراچی کی مقامی عدالت نے عدم شواہد کی بنا پر مزار قائد بے حرمتی کیس خارج کردیا۔ عدالت نے مزارقائد تقدس پامالی مقدمہ جھوٹا قراردینے کی پولیس کی بی کلاس رپورٹ مسترد کردی ۔عدالت نے کہا کہ پولیس کی جانب سے مقدمے کو جھوٹا قرار دینا نامناسب ہے۔ کیس کے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ گواہان کے بیانات کے مطابق مدعی مقدمہ مزار پر موجود نہیں تھا۔
مدعی مقدمہ کے نامزد گواہان بھی واقعے کے وقت مزار قائد پر موجود نہیں تھے۔ مزار کو پہنچنے والے نقصان سے متعلق کوئی معلومات ریکارڈ پر نہیں ہیں۔ مدعی مقدمہ کے مطابق تفتیشی افسر حقائق کو سامنےلانے میں ناکام رہا۔
تفتیشی افسر کے مطابق تین بار نوٹسز بھیجنے کے باوجود مدعی مقدمہ بیان کے لئے پیش نہیں ہوا۔ تفتیشی افسر نے مزار قائد پر فاتحہ پڑھانےوالے قاری محمد شمس کا بیان بھی قلمبند کیا۔ قاری نے اپنے بیان میں بتایا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے ووٹ کو عزت دو کے الفاظ ادا کئے۔ واقعے کے روز مزار قائد عام عوام کے لئے بند تھا۔