ام رباب چانڈیو انصاف کے لئے دربدر ہیں ۔ تہرے قتل کی واردات کو 3 سال گزرگئے، ام رباب چانڈیو کو انصاف نہ مل سکا۔
دادو سے تعلق رکھنے والی ام رباب چانڈیو انصاف کے لئے ہر فورم پر جا چکی ہیں ۔ ان کے والد، چچا اور بھائی کو قتل کر دیا گیا تھا جس کے بعد سے وہ خود میدان میں اتر آئیں اور احتجاج کی راہ اپنائی تاہم کوئی ریلیف نہ مل سکا۔ اتوار کے روز باپ اور چچا کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے دادو کی تحصیل مہڑ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔
ام رباب چانڈیو کہتی ہیں سپریم کورٹ کے واضح حکم کے باوجود مرکزی ملزم ابھی تک گرفتار نہیں ہوا، مخالفین عدالت سے غیرحاضر رہ کر تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بااثر افراد کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے یہی وجہ ہے کہ سندھ حکومت انصاف کرنے سے قاصر ہے ۔