عمران خان کے کنٹینر میں سوار ہونے کے دوران خاتون رپورٹر ٹائروں تلے آکر جاں بحق ، عمران خان ذمہ دار قرار، سوشل میڈیا پر ٹرینڈز بن گئے

وقت اشاعت :31اکتوبر2022

علی نقوی ، دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، لاہور۔ عمران خان کے کنٹینر میں سوار ہونے کے دوران خاتون رپورٹر ٹائروں تلے آکر جاں بحق ، عمران خان  ذمہ دار قرار، سوشل میڈیا پر ٹرینڈز بن گئے

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق  پی ٹی آئی کے لانگ  مارچ کے کامونکی جاتے ہوئے راستے میں  عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکرنجی ٹی وی کی خاتون رپورٹر صدف نعیم کچلی گئیں ۔ یہ واقعہ کامونکی جاتے ہوئے پیش آیا۔

عینی شاہدین اور ساتھی رپورٹر افضل سیال کے مطابق نجی ٹی وی کے تین رپورٹر عمران خان کا انٹرویو کرنے کے لئے کنٹینر میں سوار ہونے کی کوشش میں کنٹینر کےساتھ ساتھ بھاگ رہے تھے اس دوران خاتون رپورٹر نے ٹرک کا ایک پلر تھام لیا ، قریب تھا کہ وہ  اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوتیں مگر گارڈ نے انہیں دھکا دے کر نیچے گرا دیا۔

صدف نعیم کو عمران کے گارڈ نے دھکا دے کر گرایا، رپورٹر افضل سیال

افضل سیال کے دعوے کے مطابق اس دوران باقی رپورٹر ویڈیوز بناتے رہے مگر عمران خان کے کنٹینر میں سوار گارڈز نے اوپر سے پانی کی بوتلیں ماریں او ر رپورٹرز کو ویڈیو بنانے سے روکا۔ اسی دوران خاتون رپورٹر دم توڑ چکی تھیں ۔ عینی شاہدین کے مطابق صدف نعیم کا سر  ٹائر کے نیچے آکر کچلا گیا اور وہ موقع پر دم توڑ گئیں ۔ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ٹرینڈز بن گئے اور عمران خان کو قصور وار ٹھہرا دیا گیا ۔

دوسری جانب عمران خان کا کہنا ہے  کہ انہیں اس واقعے پر شدید دکھ ہے اسی وجہ سے کامونکی میں لانگ مارچ روک دیا گیا ۔ دوسری جانب وزیراعظم ،  مریم نواز ، بلاول بھٹو سمیت ملکی سیاسی قیادت نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعظم نے صدف نعیم کے اہل خانہ کے لئے پچاس لاکھ جبکہ پنجاب حکومت نے پچیس لاکھ روپے کی ا مداد کا اعلان کیا ہے ۔