لاہور میں کالعدم تحریک لبیک کے خلاف آپریشن ، ہلاکتوں کی اطلاعات

سپر لیڈ نیوز، لاہور۔ کالعدم تحریک لبیک کے خلاف آپریشن ، ہلاکتوں کی اطلاعات، سکیم موڑ سے یتیم خانہ چوک تک کا علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ علاقے میں موبائل سروس معطل ہے ۔

سپر لیڈ نیوز کے مطابق   لاہور کے علاقے  اسکیم موڑ  سے لے کر یتیم خانہ چوک تک علاقہ میدان جنگ بن گیا ہے ۔ گزشتہ چھ روز سے شہر کا بڑا حصہ انٹرنیٹ اور موبائل سروس سے محروم    ہے اب  حکومتی ذرائع کے مطابق فیصلہ کن آپریشن کا آغاز ہو گیا ہے۔ آپریشن میں پولیس اور رینجرز اہلکار حصہ لے رہے ہیں ۔

پولیس کا کہناہے کہ کالعدم جماعت کے کارکنوں نے اپنے مرکزی دفتر میں ڈی ایس پی نواں کوٹ کو یرغمال بنا رکھا ہے ۔ جبکہ رینجرز کے دو اہلکار بھی ان کی تحویل میں ہیں ۔ کارکنوں نے پی ایس او کے دو کنٹینر بھی بطور ڈھال کھڑے کر رکھے ہیں ۔ پولیس کےمطابق فورسز پر پٹرول بم حملوں کی اطلاعات ہیں ۔ ایسے میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں ۔اب تک کی اطلاعات کے مطابق 6سے 8کارکنو ں کی ہلاکت ہوئی ہے ۔ تحریک کے رہنماؤں نے فرانسیسی سفیر کو واپس بھجوانے تک اپنے ہلاک ہونے والے کارکنوں کی تدفین سے بھی انکار کر دیا ہے ۔ 

  کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے دھرنے کے باعث اقبال ٹاؤن ، گلشن راوی ، سبزہ زار ، شیرا کوٹ ، ساندہ  اور  اسلام پورہ سمیت مختلف  مقامات پرچھ روز  سے  موبائل   فون اور انٹرنیٹ سروس بند  ہے ۔ اسی طرح ملحقہ علاقوں میں رمضان المبارک  کے دوران  ٹرانسپورٹ ، کاروبار  سب بند ہے جس سے شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا ہے ۔