بانہیں پھیلائےپہاڑوں کے دامن میں گوادر سٹیڈیم کے چرچے پوری دنیا میں ہونے لگے ۔ آئی سی سی نے کرکٹ سٹیڈیم کی تصاویر شیئر کر دیں
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر پاکستان کے شہر گوادر کے سٹیڈیم کی تصاریر جاری کیں اور چیلنج دیا کہ اگر دنیا میں اس سے خوبصورت کوئی کرکٹ میدان ہے تو شیئر کریں، یہ چیلنج ہے ۔ آئی سی سی کی جانب سے تصاویر وائرل کئے جانے کے بعد سوشل میڈیاپر تبصروں کی بھرمار ہوگئی ۔
پاکستانی تو گویا خوشی سےجھوم اٹھے جبکہ دنیا بھرمیں کھیلوں کے دلدادہ افراد بھی تعریف کرتے رہے ۔ اس سٹیڈیم میں عالمی معیار کی سہولیات تو فی الوقت میسر نہیں مگر سرسبز گھاس توجہ کامرکز ہے جبکہ پویلین اینڈ میں گوادر کے پہاڑ ہیں جنہیں کاٹنے کے بجائے قدرتی حالت میں ہی رکھا گیا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ پتھریلی زمین اور بنجر علاقے میں یہ سٹیڈیم کسی سبز پھول کی طرح کھلا دکھائی دیتا ہے ۔
اس سٹیڈیم کی خوبصورتی پہلے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے تاہم آئی سی سی کی جانب سے تعریف کے بعد یہ سٹیڈیم مزید توجہ کا مرکز بن گیا ہے ۔ انتظامیہ کے مطابق اس سٹیڈیم کی توسیع کا کام ہونا ابھی باقی ہے ۔ فنڈز روکے جانے کی وجہ سے کام ادھورا چھوڑ دیا گیا تاہم یہاں ڈومیسٹک سطح کے میچز ہو چکے ہیں ۔ حکام کے مطابق فنڈز ملتے ہی سٹیڈیم میں شائقین کے بیٹھنے کے سٹینڈز بنائے جائیں گے ۔ جس کے بعد یہاں عالمی سطح کی کرکٹ ممکن ہو سکے گی ۔