نیب نے مریم نواز کے بیانیے کو مضبوط کردیا ؟قومی احتساب بیورو نے مریم نواز کی جمعہ کو ہونے والی پیشی ملتوی کر کے ن لیگیوں کو جشن منانے کا جواز فراہم کردیا ۔
تفصیلات کےمطابق جمعہ کو پیشی سے ایک روز پہلے نیب نے پریس ریلیز جاری کر دی اور مریم نواز کو نہ آنے کا کہہ دیا۔ اعلامیہ کے مطابق پیشی کی تاریخ کا اعلان بعد ازاں مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ این سی او سی کی جانب سے ہجوم نہ اکھٹا کرنے کے احکامات ہیں ۔اس سے پہلے بھی مریم نواز کے کارکنوں نے ادارے پر پتھراؤ کیا تھاجو نیب کی تفتیش میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے ۔ اعلامیہ میں مزید موقف اپنایا گیا کہ ملزموں کے خلاف غیر قانونی برتاؤ کی ایف آئی آر بھی درج ہے اب بھی مریم نواز نے کارکنوں کے ساتھ آنے کا اعلان کر رکھا ہے ۔ مفاد عامہ کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا تمام سکیورٹی اقدامات واپس کردیئے گئے ۔ نیب ایسے تمام اقدامات کی نفی کرتا ہے جس میں ادارے کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی جائے ۔
نیب کی پریس ریلیز کے بعد ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو میں نیب کو خوب آڑے ہاتھوں لیا ۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا آسان شکار نہیں بنوں گی ۔ نیب کے پیچھے اصل چہرہ عمران خان اور جعلی حکومت کا ہے ، ظلم کے مٹنے کے دن آگئے ۔ عدلیہ کے نیب پر ریمارکس سب کے سامنے ہیں ۔ ان کے چہروں کو بھی عوام پہچان چکے ہیں ۔یہ سیاسی انتقام کا ادارہ ہے ۔ ایک ہی سلیکٹڈ ہے جس کا نام عمران خان ہے جو یہ سب کروا رہا ہے ۔
اس حوالے سے سپر لیڈ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار خالد چودھری نے کہا کہ نیب نے بظاہر چند غلطیاں کر دی ہیں ۔ ہائیکورٹ جانے کا فیصلہ ہی غلط تھا۔ ایک سیاسی رہنما کو کیسے عوامی اجتماع سے روکا جا سکتا ہے ؟ لاہور ہائیکورٹ نے بھی نیب پر واضح کر دیا کہ اس کی استدعا میں وزن نہیں ۔ دوسری جانب رینجرز کو طلب کرنے کا فیصلہ بھی غلط تھا۔ اگر کارکن اور رینجرز آمنے سامنے آجائیں تو یہ ملکی مفاد میں نہیں اور نہ ہی اندرونی سلامتی کے لئے نیک شگون ہے لہٰذا فوج کو ایسے معاملات میں نہیں لانا چاہیے ۔