سپر لیڈ نیوز، اسلام آباد۔ وزیراعظم کا سرکاری شخصیات کے سکیورٹی پروٹوکول ختم کرنے کا اعلان ، ٹویٹ کیا کہ آئندہ وہ خود بھی نجی تقریب میں پروٹوکول نہیں لیں گے ۔
دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سادگی کلچر کے تحت بڑا اعلان کر دیا۔ انہوں نے واضح کر دیا کہ وہ آئندہ کسی نجی تقریب میں پروٹوکول اور سکیورٹی کے ساتھ نہیں جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ہے کہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ بچائیں اور انہیں کسی تکلیف میں مبتلا نہ کریں۔
پی ٹی آئی کے وزرائے اعلیٰ ، گورنرز اور وزرا کی سکیورٹی اور پروٹوکول پر بھی نظرثانی ہوگی۔ اگلے کابینہ اجلاس میں اس حوالے سے جامع پالیسی پر فیصلہ کریں گے۔ ہم عوام کو مرعوب کرنے والے نوآبادیاتی کلچر کا خاتمہ کریں گے۔
وزیراعظم کے بڑے اعلان کے بعد موٹر وے پولیس نے بھی آئندہ وزرا کو پروٹوکول دینے سے ہاتھ کھینچنے کا اعلان کر دیا۔ اعلامیہ کے مطابق موٹر وے پولیس نے کسی بھی شخصیت کو کسی بھی مد میں پروٹوکول نہیں دےگی ۔ مراسلے کے مطابق پروٹوکول اور پائلٹ کرنا موٹر وے پولیس کی ذمہ داریوں میں نہیں آتا۔ تمام موٹروے پولیس افسران کومراسلہ لکھ کرارسال کر دیا گیا۔وزیراعظم کا سرکاری شخصیات کے سکیورٹی پروٹوکول ختم کرنے کا اعلان سامنے آتے ہی عوامی حلقوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کے اقدام کو سراہا ہے ۔