BREAKINGSUPER LEADS

کابل ڈرون حملے میں بے گناہ بچے بھی مارے گئے ، لاس اینجلس ٹائمز تفصیلات سامنے لے آیا

وقت اشاعت :31اگست2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، واشنگٹن ڈی سی ۔ ڈرون حملے میں بے گناہ بچے بھی مارے گئے ، لاس اینجلس ٹائمز تفصیلات سامنے لے آیا۔ اہل علاقہ تاحال صدمے سے نہ نکل سکے ۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق امریکی اخبار لاس اینجلس ٹائمز نے کابل ڈرون حملے میں ہلاک خاندان کی تفصیلات جاری کر دیں ۔ سات بچوں سمیت مرنے والے دس افراد بے گناہ تھے ۔ پورے خاندان کو حملے میں اڑا دیا گیا۔ اہل علاقہ نے امریکی اخبار کو بتایا کہ اچانک دھماکے سے چھت گر گئی ۔ باہر نکل کر دیکھا تو گاڑی پر راکٹ گراتھا۔ گاڑی راکھ کا ڈھیر بن چکی تھی ۔ جس گھر پر حملہ ہوا ان کو کسی صورت داعش کے دہشت گرد نہیں کہا جا سکتا۔

مرنے والوں میں بچے بھی شامل تھے جو گلی میں کھیل رہے تھے۔ انہوں نے کہا  کہ کیا داعش کے حقیقی دہشت گرد بھی اس حملے میں مارے گئے ہیں اس کا نہیں معلوم مگر یہ طے ہے کہ بے گناہ بھی مارے گئے ہیں ۔  ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ازماری احمدی نامی شخص کو شروع سے سب جانتے ہیں ۔ وہ چار بجے کے قریب گاڑی چلا کر اپنے گھر کے سامنے پہنچے ۔

ازماری کے بیٹے ، بھانجے اور بھتیجے انہیں خوش آمدید کہنے کے لئے ان کی جانب بھاگے جیسا کہ وہ ہمیشہ ہی ایسا کرتے تھے ۔ ان کے بیٹے نے کار گیراج میں کھڑی کرنے کی نیت سے باپ کو اندر بھیجا اور کہا کہ وہ خود گاڑی گیراج میں لگائے گا۔

اسی دوران ایک میزائل گیراج کی چھت چیرتا ہوا گاڑی کو لگا۔ یوں موقع پر ہی دس افراد دم توڑ گئے اور گھر کو آگ لگ گئی ۔ واضح رہے کہ ترجمان وائٹ ہاؤس اور پینٹا گون نے ڈرون حملے میں داعش کے ہائی پروفائل دہشت گرد کو ٹارگٹ کئے جانے کی اطلاع دی تھی ۔  

Related Articles

Back to top button