پہلے مری میں ایک لاکھ گاڑیوں کی آمد کو معاشی بہتری کے مترادف قرار دیا پھر سیاحوں کو ہی سانحے کی وجہ قرار دے دیا

وقت اشاعت :9جنوری2022

ندیم چشتی ، بیورو چیف اسلام آباد۔ پہلے مری میں ایک لاکھ گاڑیوں کی آمد  کو معاشی بہتری  کے مترادف قرار دیا  پھر سیاحوں کو ہی سانحے کی وجہ قرار دے دیا ۔

  دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق  چند روز قبل وزیر اطلاعات فواد چودھری نے مری میں ایک لاکھ سے زائد گاڑیوں کے داخلے  کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے اسے معاشی ترقی سے تعبیر کیا تھا۔ انہو ں نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ مری میں اس قدر بڑی تعداد میں سیاحوں کے آنے کا مطلب یہ ہے کہ لوگوں کی معاشی حالت بہتر ہو رہی ہے ۔ مری میں حد سے زائد گاڑیوں کی آمد کے بعد سینکڑوں گاڑیاں برف میں پھنس گئیں ۔ بچے تک گاڑیوں میں  محصور ہو کر  زندگی کی بازی ہارے ۔ ایسے میں حکومت پر تنقید ہوئی تو وزیر اطلاعات نے یوٹرن لیتے ہوئے سیاحوں کو ہی واقعے کا ذمہ دار قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ اڑتالیس گھنٹے تک برف پڑتی رہی۔لاکھوں کی تعداد میں لوگ آئے۔ سیاحت کا یہ مطلب نہیں کہ48گھنٹے میں لاکھوں لوگ آجائیں۔ جب اتنے زیادہ لوگ آ جائیں گے تو مشکلات تو آئیں گی۔  انتظامیہ پر لاکھوں لوگوں کی اس طرح ذمہ داری  نہیں ڈالنی چاہیے ۔ کوئی بھی سسٹم ہو اتنے دباؤ میں بیٹھ  جاتا ہے۔ مری میں غیرمعمولی برفباری ہوئی ہے۔ بدقسمتی سے اس سانحہ پر بھی اپوزیشن سیاست کررہی ہے۔شاہدخاقان عباسی کو اس وقت اپنے حلقے میں ہونا چاہیے تھا۔