دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، واشنگٹن ڈی سی ۔ لاس اینجلس میں فلمی انداز کی چوری ، سکیورٹی کمپنی کے لاکرز سے 30ملین ڈالر غائب ہوگئے ۔
دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق لاس اینجلس میں تاریخ کی انوکھی واردات ہوئی ہے ۔ چوری کی اس واردات کو لاس اینجلس کی تاریخ کی بڑی واردات کہا جا رہا ہے ۔ کیش سٹوریج کمپنی کی سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی کے لاکرز سے بھاری رقم غائب ہو گئی اور چوبیس گھنٹے تک کسی کو کانوں کان خبر ہی نہ ہوئی ۔ گراڈا ورلڈ نامی کمپنی سرمایہ کو محفوظ رکھنے کے لئے مشہور ہے اور مکمل محفوظ سمجھی جاتی ہے ۔ یہ کینیڈین فرم ہے جس کی امریکا کے بڑے شہروں میں شاخیں موجود ہیں ۔مذکورہ کمپنی نقد رقم ذخیرہ کرنے ، ٹرانسپورٹیشن کی خدمات بھی دیتی ہے ۔
گراڈاورلڈ دنیا میں سب سے بہترین سیکورٹی کمپنیوں میں سے ایک ہے ۔ سرمایہ کو محفوظ رکھنے کے لئے یہاں درجنوں گارڈز، الارم، موشن ڈیٹیکٹر اور بہترین نگرانی کے اوزار بھی موجود ہیں ۔جدید طرز کی سکیورٹی کے باوجود رقم غائب ہوئی جس پر لوگ اسے فلمی انداز کی واردات قرار دینے لگے ۔ شہر کی تاریخ کی سب سے بڑی واردات کے بعد پولیس، ایف بی آئی اور سی آئی اے سمیت دیگر انٹیلی جنس کمپنیاں چوروں کا سراغ لگانے کے لئے متحرک ہو گئی ہیں ۔