مریم نواز کی عمران خان اور جنرل فیض پر کڑی تنقید،فوجی تعیناتیوں پر آرمی چیف کے موقف کی خاموش حمایت ، کیا ملکی منظر نامہ تبدیل ہونے والا ہے ؟

وقت اشاعت :17اکتوبر2021

شکیل کاشف ، بیوروچیف فیصل آباد۔ دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ۔ مریم نواز کی عمران خان اور جنرل فیض پر کڑی تنقید،فوجی تعیناتیوں پر آرمی چیف کے موقف کی خاموش حمایت ، کیا ملکی منظر نامہ تبدیل ہونے والا ہے ؟تبصرے شروع ہو گئے ۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام  کے مطابق پی ڈی ایم کے فیصل آباد جلسے میں مریم نواز کاطوفانی خطاب مرکز نگاہ بن گیا۔تبصروں کی بھرمار ہوگئی ۔ مریم نواز نے حالیہ سیاسی و عسکری تناؤ پر سول حکومت پر کھل کر تنقید کی ۔ انہوں نے جنرل فیض کو عمران خان کا افسر قرار دیا۔ وزیراعظم پر الزام لگایا کہ وہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے سہارے حکومت کر رہے ہیں ۔ انہوں نے جارحانہ تقریر کےد وران یہ بھی الزام لگایا کہ عمران خان نے محض جنرل فیض کو نوازنے کی خاطر ملکی فوجی تعیناتیوں کا پوری دنیا میں تماشا بنا دیا۔ سلیکٹڈ نے عوام کو رلانے کا وعدہ پورا کردیا۔ پٹرول اور بجلی کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں ۔  اب بتائیں چور کون ہے ؟  عمران کہتے تھے آٹا ، پٹرول مہنگا ہو تو سمجھ لینا وزیراعظم چور ہے ۔اس طرح   عمران خان نے اعتراف کرلیا کہ وہ ملکی چور ہیں ۔ نواز شریف کے دور میں پٹرول 70روپے لٹر تھا،  آٹا 45روپے کلو تھا۔اب حالات سب کے سامنے ہیں ۔

روایتی گھن گرج ، تاک تاک کر وار، اب تنقید کا نشانہ صرف جنرل فیض اور عمران ؟

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی شہریار خان نے کہا کہ بظاہر ملکی منظر نامہ تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے ۔ عمران خان مدت پوری کریں گے یا نہیں یہ تو وقت ہی بتائے گا مگر یہ عیاں ہو گیا ہے کہ موجودہ سیاسی سیٹ اپ اور عسکری قیادت ایک پیج پر  نہیں رہے ۔ ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کا تنازع برقرار ہے ۔ گو کہ وزرا مسلسل وزیراعظم کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے سب اچھا ہے کی رپورٹ دے رہے ہیں مگر حقیقت کچھ اور ہی کہانی سنا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی حالیہ تقریر انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ اس تقریر میں مریم نواز نے جنرل فیض اور عمران خان کو نشانہ بنایا  ہے یعنی تعیناتیوں کے معاملے پر آرمی چیف اور  کور کمانڈرز کانفرنس کے فیصلوں کی حمایت کی ہے ۔ یہ تقریر ملکی منظر نامہ تبدیل کر سکتی ہے ۔