راولپنڈی میں تحریک لبیک کےکارکنوں کی پولیس سےجھڑپیں،شہرمفلوج

وقت اشاعت :30منٹ قبل

دی سپر لیڈ ، اسلام آباد۔ راولپنڈی میں تحریک لبیک کےکارکنوں کی پولیس سےجھڑپیں،شہرمفلوج ہو کر رہ گیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کےلئے لاٹھی چارج کیا، آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی ۔

سپر لیڈ نیوز کے مطابق راولپنڈی میں مذہبی اور سیاسی جماعت تحریک لبیک کے کارکنوں  نے بڑا پاور شو کیا۔ کارکنوں کا مقصد فرانس کی جانب سے گستاخانہ خاکوں  کی مذمت کرنا تھا۔شام کے وقت صورتحال اس وقت اچانک بگڑ گئی جب کارکنوں نے مشتعل ہو کر میٹرو بس سٹیشن پر دھاوا بول کر سروس معطل کرادی ۔ اس دورا ن پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی ۔ دیکھتے ہی دیکھتے ہی جھڑپیں شروع  ہو گئیں اور علاقہ میدان جنگ بن گیا۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے آریہ محلے  میں جھڑپ کے دوران کئی کارکن زخمی بھی ہوئے ۔  اس دوران پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی ۔پولیس کی جانب سے فائر کیے گئے آنسو گیس کے شیل بے نظیر بھٹو ہسپتال کے احاطے میں بھی گرے ۔

قریبی  گھروں میں موجود خواتین، بچوں اور بزرگ افراد سمیت ہسپتال میں مریضوں کے ساتھ ساتھ لواحقین کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔راولپنڈی پولیس ترجمان  نے  سپر لیڈ سے گفتگو میں بتایا کہ  اب تک تین سو سے زائد کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے  ۔

انہوں نے کہا کہ املاک کو نقصان پہنچانے پر کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی ۔ مقامی پولیس کے مطابق مری روڈ کے اطراف کی آبادیوں کی تنگ گلیوں میں مظاہرین  چھپے رہے جس سے اہل علاقہ کو بھی پریشانی رہی ۔ پولیس کے مطابق ان جھڑپوں میں اب تک 17 پولیس اہلکار زخمی ہوئے  ہیں ۔ مذہبی جماعت کے کارکنوں نے پولیس پر شدید پتھراؤ کیا ہے ۔

One thought on “راولپنڈی میں تحریک لبیک کےکارکنوں کی پولیس سےجھڑپیں،شہرمفلوج

Comments are closed.