SUPER LEADS

حکومت سےملی بھگت کے الزام پر گیلانی  مستعفی، بلاول نے استعفیٰ قبول نہ کیا، ن لیگ نے بھی الزامات لگا کر معذرت کرلی

وقت اشاعت :31جنوری2022

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ حکومت سےملی بھگت کے الزام پر گیلانی  مستعفی، بلاول نے استعفیٰ قبول نہ کیا، ن لیگ نے بھی الزامات لگا کر معذرت کرلی۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کےمطابق سٹیٹ بینک ترمیمی بل کے معاملے پر سینیٹ میں ایک اور ہیجان انگیز دن رہا۔ چیئرمین سینیٹ اور اپوزیشن  لیڈر یوسف رضا گیلانی میں تلخی ہوئی، ایک موقع پر سخت زبان بھی استعمال کی گئی تاہم یوسف رضا گیلانی کا لہجہ نرم  ہوگیا۔ انہوں نے جذباتی انداز میں ایوان میں ہی مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا میں نے پارٹی کو اپنا استعفیٰ بھجوا دیا ہے۔ مجھ پر حکومت کا ساتھ دینے کاالزام لگایا گیا تھا۔چیئرمین صاحب!میں نے نہیں آپ نے دھوکہ دیا۔آپ نے ووٹنگ کے بعد اجلاس ملتوی کر کے حکومت کو سہولت دی۔

ملکی تاریخ میں پہلی بار  چیئرمین سینیٹ نے ووٹ دیا۔ آپ کو تو اس میں غیرجانبدار ہونا چاہیے تھا۔ آپ نے کوئی اچھا کام نہیں کیا۔  اتنے اہم ایجنڈے کے لیے  بحث کا موقع ملنا چاہیے تھا،ملکی سطح کے اہم معاملے پر اعتماد میں لیا جاتا ہے لیکن یہاں ایسا نہیں ہوا۔ بل کمیٹی کو بھی نہیں بھیجا گیا، کمیٹیاں اس لیے بنائی گئی ہیں تاکہ وہاں بحث ہو، رات کے وقت بل کو  ایجنڈے پرلانا مناسب نہیں تھا۔دوسری جانب پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے یوسف رضا گیلانی کا استعفیٰ قبول نہیں کیا اور انہیں کہا کہ وہ ذمہ داریاں جاری رکھیں گے ۔

چیئرمین سینیٹ  کا اپوزیشن کو نمبر گیم پوری نہ ہونے کا طعنہ

دوران اجلاس چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میں کسی کی سائیڈ نہیں لے رہا، نیوٹرل  رہا ہوں ۔ نمبرز خود پورے نہیں کر سکتے اور الزام چیئر مین پر لگایا جاتا ہے۔ آپ خود معاملات خراب کر رہے ہیں  ۔  اپنی غلطیوں پر  پردہ نہ ڈالیں ،  زیادہ  نیوٹرل ہونا بھی ٹھیک نہیں ۔

اس موقع پر   قائد ایوان شہزاد وسیم نے کہا  ہمارے ساتھ بھی ایسا ہوتا ہے کبھی ممبرز پورے کبھی کم ہوجاتے ہیں، جس روز بل پاس ہوا  اسی روز بل پیش کرنے کےلئے ڈیسک بجائے گئے تھے ۔

ن لیگ الزامات کے بعد بیک فٹ پر آگئی

سینیٹ میں مسلم لیگ ن کی سینیٹرسعدیہ عباسی نے قائد حزب اختلاف  یوسف رضا گیلانی سے استعفی واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نےکہا کہ یوسف رضا گیلانی کی دل آزاری ہوئی ہے تو ہماری قیادت آپ سے معذرت خواہ ہے۔ ن لیگ الزامات کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ۔ یہ غلط فہمی حکومتی چالوں کی وجہ سےہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی سینئر سیاستدان ہیں اور عوامی رہنما  ہیں ہم انہیں متنازع نہیں بنانا چاہتے ۔

Related Articles

Back to top button