لاہور میں شادی کی پہلی رات ہی دلہن کے قتل کا دلخرا ش واقعہ سامنے آیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے فیکٹری ایریا میں سات ماہ قبل نئی نویلی دلہن کی ہلاکت کاواقعہ سامنے آیا ۔
اہل خانہ نے موقف اختیارکیا کہ کوئلوں کی انگیٹھی کی وجہ سے دم گھٹنے کے باعث دلہن چل بسی ۔ اہل خانہ کےمطابق دلہا بے ہوش جبکہ دلہن موقع پر دم توڑ گئی ۔
اس دوران دلہن کے اہل خانہ نے شک پڑنے پر مقدمہ درج کرا دیا لیکن کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔ پولیس نے فرانزک کےلئے فائل آگے بھجوا دی جس کے بعد کوئی پیش رفت نہ ہوئی ۔
حال ہی میں سات ماہ بعد رپورٹ کے نتائج موصول ہوگئے جس میں دلہن کے جسم پر تشدد ثابت ہو گیا۔ پولیس کے مطابق دلہن کو بدترین تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا جبکہ گردن دبانے کے دوران نشان بھی پائے گئے ۔
پھیپھڑوں میں امونیا گیس کے شواہد بھی ملے جس سے ثابت ہوا کہ دلہن پر بدترین تشدد کیا گیا۔ ملزم نے واردات کے بعد گیس بھر جانے کا ڈرامہ رچا دیا اور خود بھی بے ہوش ہونے کی اداکاری کی ۔
یوں فرانزک رپورٹ میں دلہن کا قتل ثابت ہو گیا اور سات ماہ پرانا معمہ حل ہوگیا۔ پولیس نے رپورٹ آنے پر سویرا کے شوہر آصف کو گرفتارکر لیا ہے ۔ قتل کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات کا از سر نو آغاز کر دیا گیا ہے ۔