ڈمی تھا ۔۔ مگر حقیقت میں رنگ بھر دیتا تھا

عمران خان کی نقل اتارنے میں ماہر معروف کامیڈین  فرخ شاہ انتقال کر گئے ہیں ۔  تفصیلات کے مطابق ان کی وفات دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی ۔

اچانک  وفات پر فنکار برادری  نے افسوس کا اظہارکیا ۔ معروف کامیڈین کو لاہور میں نماز جنازہ کےبعد سپرد خاک کردیا گیا۔ 

فرخ شاہ  نے اپنے مختصر کیریئر میں  عمران خان   کی وجہ سے خوب شہرت سمیٹی ۔  انہوں نے مختلف ٹی وی چینلز میں  کام کیا اور کامیڈی پروگرامز کی ضرورت بن گئے ۔

فرخ شاہ ان دنوں  پاکستان کے ایک نیوز چینل سے وابستہ تھے ۔ اپنے کامیڈی پروگرام میں انہوں نے عمران خان کا مخصوص انداز اپنایا اور خوب نام بنایا۔  فرخ شاہ کی لاہور کے علاقے ساندہ میں تدفین کر دی گئی ۔

ان کی نماز جنازہ میں ساتھی فنکاروں، تھیڑ سے وابستہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع  پر سٹیج فنکار جواد وسیم نے کہا کہ  فرخ شاہ بہت انکساری پسند اور زندہ دل تھے ۔

ایک بہترین فنکار ہونے کے ساتھ وہ بہترین انسان بھی تھے ۔ مرحوم نے پسماندگان میں  بیوہ ، بیٹا اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں ۔