دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ مری میں درخت گرنے کی اطلاع پر محکمہ جنگلات کے عملے نے موبائل فون ہی بند کر دیئے تھے ، سانحہ مری پر بنی تحقیقاتی کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی ۔
دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق مری کی انتظامیہ نے محکمہ موسمیات کے الرٹ پر کوئی توجہ ہی نہیں دی ۔ برف ہٹانے اور سڑکیں صاف کرنے کی مشینری پوائنٹس پر موجود نہ تھی ۔محکمہ ہائی وے کنٹرول کوسڑکیں صاف کرانے کے لئے متعدد پیغامات بھیجے گئے مگر ان وائرلیس پیغامات پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔
اڑیاں روڈ پر برف ہٹانے کے لئے ایک مشین آئی جو کچھ دیر بعد جواب دے گئی ۔ بعد میں آپریٹر نے بتایا کہ مشین خراب ہوگئی ہے ۔ تحقیقات اور باریک بینی سے شواہد کا جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ آپریٹر جھوٹ بول رہا ہے ۔ درحقیقت مشین میں ڈیزل ہی ختم ہو گیا تھا۔ لوئرٹوپہ،ٹھنڈا جنگل، کلڈانہ،چٹہ موڑ پر درخت اور بجلی کے تار گر گئے تاہم محکمہ جنگلات کے ملازمین نے بے حسی دکھاتے ہوئے اپنے موبائل نمبر ہی آف کر دیئے تاکہ کام پر جانا ہی نہ پڑے ۔
رپورٹ کے مطابق بجلی کے تار گرنے سے مری کے انسپکٹر کی گاڑی جل کر خاکستر ہو گئی۔ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ این ایچ اے اور موٹروے پولیس کی جانب سے بھی عدم تعاون واضح ہو گیا ہے ۔