علی نقوی ، دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، لاہور۔ گورنر پنجاب کیا دوبارہ ن لیگ میں جانے کے لئے تیار ہیں ؟نئے بیانات سے ایک مرتبہ پھرسیاسی چہ مگوئیاں ہونے لگیں ۔
دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق گورنر پنجاب کے سیاسی بیانات سے پھر ہلچل کی صورتحال ہے ۔ میڈیا سے گفتگو میں گورنر پنجاب نے کسی رہنما کا نام لئے بغیر کہا کہ پاکستان میں نظام نہیں لوگ ناکام ہوئے ہیں۔سیاسی جماعتوں میں جمہوری رویوں کا فقدان ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سے صاف پانی منصوبے پر اختلاف نہ ہوتا تو ن لیگ نہ چھوڑتا۔ پنجاب میں پیپلز پارٹی بحال ہوئی تو پی ٹی آئی کا ووٹ خراب ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرویز مشرف شریف برادران کو باہر نہیں جانے دینا چاہتے تھے ۔ ان دونوں بھائیوں کے ویزے میں نے لگوائے ۔واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی گورنر پنجاب کے بیانات زیر بحث رہ چکے ہیں ۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان شریف برادران پر منی لانڈرنگ سمیت کرپشن کے بڑے الزامات عائد کرتے رہتے ہیں ۔ ایسے میں گورنر پنجاب نے کسی کرپشن کا ذکرکئے بغیر محض شہباز شریف سے ایک منصوبے پر اختلاف کو ن لیگ چھوڑنے کی وجہ قرار دیا ۔
پی ٹی آئی کے بعض ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب عمران خان کی کئی پالیسیوں سے اختلاف رکھتےہیں اور سیاسی گراؤنڈ میں ہواؤں کا رخ تبدیل ہونے پردوبارہ ن لیگ سے رجوع کر سکتے ہیں ۔