دی سپر لیڈ ، کراچی ۔ ڈیفنس کراچی سےتین انسانی کھوپڑیاں اور ہڈیاں برآمد ہوئی ہیں جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس موقع پرپہنچی اور باقیات کو ہسپتال تجزیہ کےلئے بھجوا دیا ۔
سپرلیڈ نیوز کے مطابق ڈیفنس کراچی میں کچرے کے ڈھیر سے انسانی باقیات ملنے کے بعد انتظامیہ بھی حرکت میں آگئی ۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ہڈیا ں چار سال پرانی معلوم ہو رہی ہے ۔
ڈیفنس فیزون کے کچرا خانے میں انسانی اعضا پڑے دیکھے گئے ۔ جس کے بعد ایک شہری نے پولیس کو فون کیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر کھوپڑیاں اور دیگرہڈیاں تحویل میں لے لیں ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پرمیڈیکل کے طلبہ کی جانب سے پھینکے جانے کا امکان ہے ۔ طلبہ اپنی پریکٹس کے لئے انسانی اعضا استعمال کرتے ہیں ۔ تاہم حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
یہ بھی پڑھیئے: لاہورکےمضافاتی علاقےجنسی زیادتی کے خطرناک زون بن گئے
جناح ہسپتال کےایک پینل نے باقیات کا باریک بینی سے تجزیہ شروع کر دیا ہے ۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق باقیات میں کوئی فریکچر کا گمان نہیں ہوا تاہم تفصیلی تجزیہ کے بعد ہی حتمی رپورٹ دی جاسکے گی۔ ڈیفنس کراچی سےتین انسانی کھوپڑیاں اور ہڈیاں برآمد ہونے کےبعد ہسپتالوں کے فضلے کو تلف کرنے والے عملے سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے۔