کوئٹہ میں تین بچوں کا قاتل ماں کا آشنا نکلا ۔ ملزم نے گرفتاری کے بعد ریکارڈ کرائے گئے بیان میں اقبال جرم کرلیا ۔ بچوں کی ماں کے ساتھ تعلقات کا اعتراف کرلیا۔
سپر لیڈ نیوز کے مطابق کوئٹہ پولیس نے معصوم بچوں کے وحشیانہ قتل کے مرکزی ملزم کوگرفتار کرلیا ہے ۔ ڈی آئی جی پولیس نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملزم نے اعتراف جرم بھی کرلیا جبکہ مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
ڈی آئی جی پولیس نے کہا کہ15مارچ کو سریاب کے علاقے کلی غلام رسول میں ملزم محمداقبال نے گھر میں تین بچوں کو ذبح جبکہ ایک بچی کو شدید زخمی کیا ۔ پولیس نے5روز کی کوششوں کے بعد ملزم محمداقبال کو گرفتار کرلیا ۔
ملزم ٹیکسی ڈرائیور ہے جو بچوں کی والدہ کو پک اینڈ ڈراپ سروس فر اہم کرتا تھا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مذکورہ شخص بچوں کے والدین کو قتل کرنا چاہتا تھا۔اس سے پہلے پولیس کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزم کے بچوں کی ماں کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے اور وہ خاتون کو بلیک میل بھی کرتا تھا۔ وقوعہ کے روز ملزم کا بچوں کے باپ سے جھگڑا بھی ہوا جس کے بعد اس نے درندہ صفت فعل کر ڈالا۔ پولیس نے ملزم کوکوئٹہ کی عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے ۔