قاسم چوہان ،دی سپر لیڈ ، کراچی ۔ مفتی منیب کیوں سیاسی بیان دینے لگے؟ رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ نے ایک اور سیاسی بیان داغ کر پھر خبروں میں جگہ بنا لی ہے ۔
سپرلیڈ نیوز کے مطابق مفتی منیب نے کراچی میں دیگر علما کے ساتھ پریس کانفرنس کی ۔ اس موقع پر انہوں نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا پر کڑی تنقید کی اور یہاں تک کہہ دیا کہ فیصل کو سیاست ہی چھوڑ کر کامیڈی کرنی چاہیے ۔
مفتی منیب کے اس بیان پر پریس کانفرنس میں موجود صحافی بھی مسکراتے رہے ۔
حالیہ دنوں میں مفتی منیب کی جانب سے سیاستدانوں پر حملوں کا یہ واقعہ نیا نہیں ۔
اس سے پہلے وہ فواد چودھری کو خوب آڑے ہاتھوں لے چکے ہیں ۔مفتی منیب نے فواد چودھری پر تنقید کرتے ہوئے ان ہیں ناکارہ وزیر قرار دیاتھا۔
انہوں نے فواد چودھری کو سائنس کا پرچار ترک کرنے کا بھی کہا تھا۔ اسی طرح بعض مواقع پر مفتی منیب نے فواد چودھری کے بارے میں سخت زبان بھی استعمال کی ۔
اس مرتبہ منگل کی پریس کانفرنس میں مفتی منیب نے فیصل واوڈا کو نشانے پر رکھااور مسخرہ قرار دیا۔
انہوں نے نام لئے بغیر وزیراعلیٰ سندھ پر بھی تنقید کی ۔ مفتی منیب نے مزید کہا کہ کراچی کے مسائل کو حل کرنے کے لئے کوئی بھی سنجیدہ نہیں ۔
پورے کراچی کا حلیہ بگاڑ دیا گیا ہے ۔ شہر تباہی کی داستان سنا رہا ہے ۔ سیاسی رہنما صرف بیان بازی کرتے ہیں ۔ ایک دوسرے پر الزامات کی بارش کرتےہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور وفاق سندھ کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں۔
اتنے مسائل کے باوجود دونوں فریقین کا ایک پیج پر نہ آنا افسوسناک ہے ۔ مفتی منیب نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کراچی کھنڈربن گیا ہے ۔ یہاں تک کہ ڈی ایچ اے کا انفراسٹرکچر بھی نا کام رہا ثابت ہوا اور بارش کے پانی کے نہ ٹھہر سکا۔
کراچی کے مسائل پر سب قصور وار ہیں، مفتی منیب
یہ سب حکومت ناکامی ہے ۔ مفتی منیب نے کراچی کےلئے بڑے پیکیج کا مطالبہ کیا۔ حکومت پر واضح کیا کہ وہ کراچی کے مسائل پر توجہ دے بصورت دیگر احتجاج ریکارڈ کرایا جائےگا۔
مفتی منیب اس موقع پر کراچی کے نالوں کا بھی ذکر کرنا نہ بھولے ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور سندھ حکومت کو قصور وار قرار دیا۔ پریس کانفرنس میں شریک دیگر علما نے کراچی کو ملنے والی فنڈنگ اور کے الیکٹر ک کے مالی معاملات کا آڈٹ کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیئے:یہ کراچی نگری ہے یہاں سب خود کرنا پڑتا ہے
اس موقع پر جاوید میانداد بھی موجود تھے ۔ انہوں نے بھی سیاست کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے سیاسی رہنماؤں کو سیاست چھوڑنے کا مشورہ دیا۔
جاوید میانداد نے کہا کہ سیاست جھوٹ کا دوسرا نام ہے ۔جب تک لوٹ مار جاری رہے گی ملک ترقی نہیں کرسکے گا۔
دوسری جانب سپر لیڈ نیوز نے فیصل واوڈا سے مفتی منیب کے بیان پر ردعمل لینے کی کوشش کی تاہم انہوں نے تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ ہونے کی حیثیت سے سیاسی پریس کانفرنس ان کے ارادوں کو ظاہر کر رہی ہے ۔ تاہم انہوں نے مزید بات کرنے سے معذرت کرلی ۔