ہرمرتبہ نہیں صاحب،یادرکھیں یہ ٹیم پاکستان ہے

علی نقوی ، دی سپرلیڈ نیوز، لاہور۔ ہرمرتبہ نہیں صاحب،یادرکھیں یہ ٹیم پاکستان ہے ۔ جی ہاں۔۔ کرکٹ کی نگری میں پاکستانی ٹیم کو سرپرائزدینے کےلئے بھی جاناجاتا ہے ۔ انگلینڈ کے خلاف تیسرے میچ میں کچھ ایسا ہی دیکھنے میں آیا۔

ایک مرتبہ پھر 200سے تھوڑا کم سکور انگلینڈ کو خوفزدہ نہ کر سکا۔ جیسے دوسرے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے باآسانی سکور پورا کرلیا کچھ ایسا ہی ارمان لئے انگلش اوپنر میدان میں اترے ۔لیکن انگلش ٹیم کو شاید اندازہ نہیں تھا کہ پاکستانی ٹیم کا پلٹ کر وار ہمیشہ طاقتور ہوتا ہے ۔

انگلش ٹیم نے مانچسٹر میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔

فخر زمان آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے ۔جو صرف ایک رن بنا کر معین علی کی گیند پر چلتے بنے ۔

بابر اعظم اکیس رنز بنا پائے ۔ اس کے بعد حیدر علی اور  محمد حفیظ نے چارج سنبھالا اور ایسا سنبھالا کہ انگلش گیند باز بس گیند کو باؤنڈری لائن پر جاتا دیکھتے ہی رہ گئے ۔

پاکستانی بیٹنگ سکور کارڈ

پی ایس ایل سے نام بنانے والے حیدر علی نے آتے ہی جارحانہ موڈ دکھایا جسے انگلش بالروں نے بھی بھانپ لیا ۔ لیکن تمام حربے ناکام ہوتے دکھائی دیئے ۔

حیدر علی نے 33گیندوں پر 2چھکوں کی مدد سے 54رنز سکور کئے ۔ حیدر جورڈن کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے ۔ اس دوران محمد حفیظ بھی ماسٹر بلاسٹر بنے رہے ۔ اور دلکش سٹروکس سے کمٹیٹرز سے بھی خوب تعریف پائی ۔

پروفیسر پھر ماسٹر بلاسٹر

حفیظ نے اپنے کیئر یئر کا سب سے بہترین ٹی ٹوینٹی سکور کیا ۔ انہوں نے 52گیندوں پر 86رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے ۔

پروفیسر کی اننگز میں 6چھکے شامل تھے جبکہ چار  چوکے  بھی ان کی برق رفتار اننگز کا ٹریڈ مارک ٹھہرے ۔ 

ٹیم پاکستان نے مقررہ اوورز میں 190رنز بنائے اور انگلینڈ کو 191رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں انگلینڈ نے بھی بھرپور مزاحمت کی اور سکور کو جیت کے قریب پہنچایا۔

انگلینڈ کی اننگز کی خاص بات معین علی تھے جنہوں نے کسی بھی پاکستانی بالر پر رحم نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیئے:جیتنے کے لئے اور کتنا سکورکرنا ہوگا؟

معین نے 61رنز سکور کئے جس میں 4چھکے بھی شامل تھے ۔ میچ کا فیصلہ آخری اوور کی آخری گیند میں ہوا۔ ایک وقت میں ایسا لگا کہ میچ انگلینڈ کی جھولی میں گر چکاہے ۔ تاہم آخری اوور میں ایک چھکا کھانے کے باوجود حارث رؤف نے نوے میل فی گھنٹہ کی رفتار سے یارکر پھینکی اور انگلش ٹیم کے ارمانوں پر پانی بہا دیا۔

انگلینڈ کی ٹیم کا بیٹنگ سکور کارڈ

یوں انگلینڈ کی ٹیم 185رنز بنا سکی ۔ بینٹن نے 46، ملین نے 7، مورگن نے 10، بلنگس نے 26، گریگوری نے 12 رنز اسکور کئے ۔

بڑی فتح کے بعد پاکستان سیریز ایک ، ایک سے برابر کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ یوں پاکستان نے انگلینڈ کی مسلسل ٹی ٹوینٹی جیت کے سفر کو بھی بریک لگادیئے