سوات میں بڑے سیلاب کاالرٹ،سیاحوں کو نکلنےکی ہدایت

سوات میں بڑے سیلاب کاالرٹ،سیاحوں کو نکلنےکی ہدایت دے دی گئی ۔ دریائے سوات میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ حادثات میں چھے افراد دم توڑ گئے ۔

سپرلیڈ نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں طوفانی  بارشوں کے باعث دریاؤں اور ند ی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی۔

مالاکنڈ ڈویژن کے مختلف اضلاع سمیت سوات میں سیلاب نے تباہی مچا دی  ہے ۔حادثات میں اب تک چھے افراد کی ہلاکت کی اطلاع موصول ہوئی ہے ۔ دریائے سوات میں  طغیانی کے باعث دریا کے کنارے بسنے والے مقامی افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ۔ جبکہ متعدد کو ریسکیو کیا جارہا ہے ۔  

سیلابی ریلوں نے قریبی مکانوں اور راستے میں آنے والے تین رابطہ پلوں کو تباہ کردیا۔ بے رحم موجیں کالام اور سوات کے قریبی دیہات میں بھی بڑی تباہی لائی ہیں ۔

 مانسہرہ میں سرن ویلی ڈاڈر کے مقام پر سیلابی ریلے میں پانچ افراد پھنس گئے۔جنہیں انتظامیہ نے ریسکیو کیا ۔  پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو سوات فوری طور پر خالی کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔ کمشنر کے مطابق  بونیر، دیربالا،چترال اور شانگلہ میں درجنوں مکانات اور رابطہ سڑکیں دریائے سوات میں بہہ گئیں۔

شانگلہ کے علاقے ملک خیل کوٹکے میں شادی کے گھر میں دیوار گرنے سےتین خواتین زخمی ہوگئیں۔ مدین اور بحرین میں آٹھ رابطہ پل بہہ گئے۔ متعدد مقامات پردرجنوں مکانات دریابرد ہوگئے۔

نوشہرہ اور چارسدہ براہ راست خطرے میں ۔۔

 پی ڈی ایم اے  کےمطابق دریائےسوات میں چکدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ75ہزار کیوسک ہے جس میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔

حکام کے مطابق خوازخیلہ کے مقام پرچالیس ہزار  کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے ۔

یہ بھی پڑھیئے : کراچی میں پیسے والے بھی احتجاج کرنے نکل آئے

اسی طرح  دریائےپانچکوڑہ میں تیس ہزارکیوسک پانی کا ریلا گزررہا  ہے۔پانی کے یہ ریلے دریائے سوات اور دریائےپانچکوڑہ سےہوتے ہوئے دریائے کابل میں داخل ہوں گےجہاں پہلے ہے طغیانی دیکھنے میں آرہی ہے ۔

این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے کابل چارسدہ اور نوشہرہ   کو نقصان پہنچا ئے گا جس کےلئے انتظامیہ کو وارننگ جاری کردی گئی ہے ۔