پاکستان میں سیاحت کافروغ،انڈونیشیامیں پاکستانی سفارتخانہ متحرک ہوگیا جو باقی ممالک میں پاکستانی سفارتخانوں کے لئے ایک عمدہ مثال بن گیا ۔
سپر لیڈ نیوز کےمطابق جکارتہ میں پاکستانی سفارتخانے نے ایک سیاحتی کانفرنس کی میزبانی کی۔ جس کا مقصد پاکستان میں سیاحت کے فروغ کی راہ ہموار کرنی تھی ۔ اس کانفرنس کی خاص بات 20سیاحتی ایجنسیوں کی شرکت تھی ۔ اس کانفرنس کا انعقاد بتیک ٹریول سروسز نامی کمپنی کے اشتراک سے ہوا۔ سفارتخانے کے ناظم الامور سجاد حیدر خان نے خطاب میں کہاکہ پاکستان متنوع کلچر کا حامل ملک ہے ۔ انہوں نے شرکا کو پاکستانی تاریخ ، جغرافیائی حدود، اقتصادیات اور ثقافت پر بریفنگ دی ۔
یہ بھی پڑھیے: قدرت کی جھلک دیکھنےلاکھوں سیاح کہاں سےآرہےہیں؟
انہوں نے مغل طرز حکومت کےخدوخال بھی بیان کئے جس میں شرکا نے گہری دلچسپی لی ۔ سجاد حیدر خان نے پاکستان میں سیاحت کے حوالے سے عالمی جریدوں کی رائے سے بھی آگاہ کیا ۔ تقریب کےد وران پاکستان سے متعلق ڈاکیو منٹری دکھائی گئی ۔ انڈونیشیا کی صف اول کی بلاگر ٹرینٹی کے تاثرات بھی دکھائے گئے جنہوں نے 2019 میں پاکستان کا دورہ کیاتھا۔
شرکا نے اس کاوش کو حوصلہ افزا قرار دیا۔ یوں پاکستانی سفارتخانے کے عملے نے وزٹ ٹو پاکستان کےلئے اپنا حصہ ڈالااور دیگر ممالک میں پاکستانی سفارتخانوں کو بھی تحریک کر دی ۔منتظمین نے کانفرنس کو کامیاب قرار دے دیااور آئندہ بھی ایسی تقریبات کا عندیہ دیا ہے ۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے سیاحت کے فروغ کےلئے گراں قدر اقدامات اٹھائے ہیں ۔