پانچ منٹ سے زائد کی فون کال پر 75پیسہ اضافی ٹیکس ، پاکستانیوں نے بچنے کا طریقہ ڈھونڈ نکالا

وقت اشاعت :27جون2021

سپر لیڈ نیوز، لاہور۔ پانچ منٹ سے زائد کی فون کال پر 75پیسہ اضافی ٹیکس ، پاکستانیوں نے بچنے کا طریقہ ڈھونڈ نکالا ، پانچ منٹ سے پہلے ہی کال بند کریں اور دوبارہ ملا لیں ۔ ٹیلی کام ذرائع نے تشویش سے آگاہ کر دیا۔

سپر لیڈ نیوز  کے مطابق حکومت پاکستان نے فون کالز پر ٹیکس بڑھا دیا ہے ۔ کوئی بھی کال پانچ  منٹ سے تجاوز کرے گی تو 75پیسہ اضافی ٹیکس عائد ہو جائے گا۔ ٹیلی کام سیکٹر میں اس نئے ٹیکس کو ناقابل عمل قرار دیا جارہا ہے ۔

سپر لیڈ نیوز سے گفتگو میں ایک ٹیلی کام کمپنی کے اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ ٹیکس انتہائی فضول اور ناقابل عمل ہے ۔ پانچ منٹ کی کال پر حکومت کو ٹیکس جمع کرنےمیں مشکلات پیش آئیں گی۔ پاکستانیوں نے اس کا حل یہ نکالا ہے کہ کال پانچ منٹ سے پہلے ہی ختم کرکے دوبارہ ملا لی جائے گی ۔ اس طرح کچھ سیکنڈز کا خلل تو آئے گا مگر صارفین ٹیکس سے بچ جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اسی بحث کا آغاز ٹیلی کام دفاتر میں بھی ہو چکا ہے جبکہ سٹاف بھی حکومتی ٹیکس کو ناکامی سے تعبیر کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسری صورت میں صارفین کو جو بھی ڈھیروں بنڈل آفرز دیئے گئے ہیں وہ سب خطرے میں پڑ جائیں گے ۔جس سے ٹیلی کام سیکٹر کے ریونیو میں بھی کمی آسکتی ہے ۔ اس طرح یہ غیر ضروری ٹیکس ٹیلی کام سیکٹر کےلئے باعث تشویش ہے ۔ حکومت کو بھی کچھ حاصل نہیں ہوگا۔پانچ منٹ سے زائد کی فون کال پر 75پیسہ اضافی ٹیکس ، پاکستانیوں نے بچنے کا طریقہ ڈھونڈ نکالا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے ٹیکس واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا۔