دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔افغان سفیر کی بیٹی کا مبینہ اغوا، ایک دن عالمی سازش قرار، اگلے روز گرفتاریاں ، پی ٹی آئی حکومت کے بدلتے بیانات نے معاملہ پھر الجھا کر رکھ دیا۔
دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق افغان سفیر کی بیٹی سلسلہ علی خیل کے مبینہ اغوا کے بعد صورتحال لمحہ بہ لمحہ تبدیل ہو رہی ہے ۔ اتوار کے روز شیخ رشید نے واقعے کو عالمی سازش قرار دیا۔ انہوں نے یہاں تک کہا کہ سلسلہ علی خیال اغوا نہیں ہوئیں ۔ ان کے بیانات میں تضاد ہے ۔ وزیر داخلہ کے بیانات کے بعد پی ٹی آئی کی حکومت نے پھر یوٹرن لے لیا ۔ پیر کے روز پریس کانفرنس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے معاملے کو ٹھنڈا کر تے ہوئے پوری پریس کانفرنس میں سازش کا ذکر نہ کیا۔
انہوں نے بیک فٹ پر آتے ہوئے افغانستان کی جانب سے سفیر واپس بلانے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں بہتر تعلقات ضروری ہیں ۔ سفیر واپس بلانا مسئلے کا حل نہیں ۔ ہم اس کیس میں تفتیش کر رہے ہیں ۔ وزیراعظم نے پہلے ہی تحقیقات کا حکم دے رکھا ہے ۔ معاملے کی تہہ تک جائیں گے ۔ انصاف کے تمام تقاضے پورے ہوں گے ۔ آئی جی اسلام آباد نے اس موقع پر بتایا کہ واقعے پر تین سو اہلکار تفتیش کر رہے ہیں ۔ پانچ انوسٹی گیشن ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ لڑکی کے بیانات کی تصدیق نہیں ہو سکی ۔ تمام ٹیکسی ڈرائیور زیر حراست ہیں ۔ ان سے تفتیش جاری ہے