دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ وزیراعظم اپنے ماتحت ایجنسیوں کی مدد سے لاپتہ صحافی مدثر نارو کو فوری بازیاب کروائیں ، اسلام آباد ہائیکورٹ کا بڑا حکم ، سخت ریمارکس بھی دیئے ۔
دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاپتہ صحافی مدثر نارو کو بازیاب کرواکر13 دسمبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ وزیر انسانی حقوق لاپتہ شخص کے والدین اور بچے کی وزیر اعظم سے ملاقات کو یقینی بنائیں ۔ یہ معاملہ کابینہ میں زیر غور آنا چاہیے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مدثر نارو کی بازیابی کیس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے دس صفحات پر مشتمل حکمنامہ میں کہا وزیراعظم اپنے زیر کنٹرول ایجنسیوں کو مدثر نارو کو عدالت میں پیش یا ٹھکانے کا پتہ لگانے کی ہدایت دیں۔ اگر لاپتہ شخص کا پتہ نہیں چلتا تو وفاقی کابینہ ناکامی کے ذمہ دار اداروں کا پتہ لگا کران کے خلاف کارروائی سے آگاہ کریں۔ تحریری حکم نامے کے مطابق عدم بازیابی کی صورت میں اٹارنی جنرل پیش ہو کروفاقی حکومت کی ذمہ داری سے آگاہ کریں۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے زیر کنٹرول ایجنسیوں پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ بغیر کسی عمل کے شہریوں کو آزادی سے محروم کرنے میں ملوث ہیں۔ لاپتہ شخص کا پتہ لگانا آئینی فرض ہے،،وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مطمئن کریں کہ ریاست یا ایجنسیاں لاپتہ شخص کو اغوا کرنے میں ملوث نہیں۔شہریوں کو انسانیت کے خلاف بدترین جرم سے بچانے کے لیے کسی قانون کے نفاذ کی ضرورت نہیں ۔