ایس ای سی پی کےلاپتہ افسرگھرپہنچ گئے، مگرکہاں تھے؟

ایس ای سی پی کےلاپتہ افسرگھرپہنچ گئے، مگرکہاں تھے؟ منگل کی رات ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ وہ خیریت سےہیں اور گھر پہنچ گئے ہیں ۔ کہاں گئے تھے ؟ کچھ نہ بتایا۔

آٹھ دن سے غائب ایس ای سی پی کے لاپتہ افسر اچانک منظر عام پر آگئے ۔ ٹویٹ میں اپنی خیریت کی اطلاع دی ۔

ترجمان اسلام آباد پولیس نے ان کی بازیابی کی تصدیق کی ۔ تاہم انہوں  نے تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔ 

ساجد گوندل کو کس آپریشن میں اور کہا ں سے بازیاب کرایا گیا ؟ اغوا کار کون تھے ؟ اس حوالے سے اسلام آباد انتظامیہ مکمل خاموش ہے ۔ دوسری جانب منگل کے روز وفاقی کابینہ میں ساجد گوندل کامعاملہ زیر غور آیا ۔

یہ بھی پڑھیئے:بلاول نے جبری گمشدگیوں کا معاملہ اٹھا دیا

وزیراعظم نے گمشدگی کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ان کی بازیابی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی تھی ۔ انہوں نےاس معاملے کی چھان بین کے لئے تین رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی۔

اس حوالے سے ساجد گوندل کے اہل خانہ نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا تھا اور انہیں بازیاب کرانے کی اپیل کی تھی ۔

وزیراعظم کا نوٹس ، چند گھنٹوں بعد ہی بازیابی

وزیراعظم کے نوٹس کے چند گھنٹے بعد ہی ساجد گوندل گھر پہنچ گئے ۔ ایس ای سی پی کے لاپتہ افسر ساجد گوندل کہاں تھے ؟ کسی کے پاس کوئی جواب نہیں ۔

سپر لیڈ نیوز کےمطابق ساجد گوندل اپنے آبائی علاقے سرگودھا جا چکے ہیں ۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو سے گریز کیا جبکہ ان کی اہلیہ نے بھرپور آواز اٹھانے پر میڈیا کاشکریہ ادا کیا ہے ۔ اس سوال پر کہ ساجد گوندل کے اغوا کار کون تھے ؟ انہوں نے بھی خاموشی اختیار کئے رکھی۔ ساجد گوندل کے والد نے کہا ان کا بیٹا خیریت سے ہے ابھی کوئی معلومات نہیں کہ اغوا کار کون تھے ۔