دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، وہاڑی ۔ عمران خان کا روایتی خطاب ، زرداری کو بیماری کہا ، نواز شریف کو گیدڑ اور مولانا فضل الرحمان کو فضلو کہہ کر مخاطب کیا، یورپی یونین کو بھی وارننگ دے ڈالی ۔
دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق وہاڑی کی تحصیل میلسی میں وزیراعظم عمران خان نے اپنے دھرنے کی تقاریر کی یاد تازہ کر دی ۔ انہوں نے اپوزیشن کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے تاک تاک کر وار کئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف گیدڑ ہیں اسی لئے باہر بیٹھے ہیں ۔ لندن میں بیٹھے بھگوڑے سے لوٹا ہوا مال واپس لے آیا تو پٹرول اور ڈیزل کی قیمت آدھی کردوں گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی فوج پر تنقید کرتے ہیں۔ ان کی ملک میں کوئی جگہ نہیں۔ نواز شریف کو مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ شخص جھوٹ بول کر باہر بھاگا۔ اس سے پہلے بھی یہ بھاگ چکا ہے ۔ گیدڑ کبھی لیڈر نہیں بن سکتا۔
انہوں نے بالی ووڈ فلموں کی طرح مرنے کی اداکاری کی ۔ وزیراعظم عمران خان نے سخت زبان استعمال کرتے ہوئے اپنی تقریر کا بڑا حصہ مخالفین کے لئے مختص رکھا ۔ اس کے بعد انہوں نے سابق صدر آصف زرداری کو ملک کی سب سے بڑی بیماری کہہ کر مخاطب کیا۔ عمران خان نے کہا کہ زرداری سب سے بڑا چور ہے ۔ ملک میں مہنگائی پیپلز پارٹی کے دور حکومت سے کم ہی ہے ۔
وزیرا عظم عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کو ایک مرتبہ پھر سخت القابات سے بھی پکارا۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو فضلو کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں مولانا کہہ کر نہیں پکاریں گے ۔ ان کے ہوتے ہوئے یہودی ایجنٹ کی ضرورت نہیں ۔ عمران خان نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ فضلو اور میں عمر ہیں ۔ فضل الرحمان کا تووزن بھی زیادہ ہے ۔ یہ اپنی آخرت کی فکر کریں ۔
یورپی یونین کے لئے بھی سخت پیغام
وزیراعظم عمران خان نے جلسہ گاہ میں بڑے ہجوم کا لہو گرمانے کے لئے یورپی یونین کو بھی آڑے ہاتھوں لیا ۔ انہوں نے کہا کہ یورپی سفیروں نے جو ہمیں خط لکھا ہے کیا وہ بھارت کو بھی لکھا ہے ؟ یہ دوہرا معیار ختم کرنا ہوگا۔ نیٹو کا ساتھ دیا ہمیں کیا ملا؟اب ڈرون حملہ ہوا تو اپنی ایئر فورس کو کہوں گا ڈرون مار گراؤ۔