کرکٹر بسمہ معروف کی چھ ماہ کی  بیٹی فاطمہ پاکستان اور بھارت کو قریب لے آئی

وقت اشاعت :7مارچ2022

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ،ویلنگٹن۔ کرکٹر بسمہ معروف کی چھ ماہ کی  بیٹی فاطمہ پاکستان اور بھارت کو قریب لے آئی۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے خواتین کے ورلڈ کپ میں اس وقت صورتحال انتہائی دلچسپ ہو گئی جب پاکستان ٹیم کی کپتان بسمہ معروف اپنی چھ ماہ کی بیٹی  فاطمہ کے ساتھ سٹیڈیم میں نمودار ہوئیں ۔ پاکستان اور بھارت کا میچ تو یکطرفہ رہا ۔ بھارت نے آسانی سےپاکستان کو شکست دے دی مگر میچ کے بعد بسمہ معروف اپنی بیٹی کو گراؤنڈ میں لے آئیں  جو مرکز نگاہ بنی رہی ۔

جیسے ہی ننھی فاطمہ میدان میں آئی بھارتی خواتین کرکٹرز جمع ہو گئیں اور ننھی فاطمہ کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر بھارتی ٹیم نے فاطمہ کے ساتھ تصاویر بنوائیں  اور بسمہ معروف کی بیٹی کو پیار بھی کیا۔ اس یادگار لمحے کو آئی سی سی نے بھی اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے شیئر کیا جو دیکھتےہی دیکھتے وائرل ہو گیا اور پاکستان کے ساتھ بھارت کے شہری بھی اس ٹرینڈ کا حصہ بن گئے اور دنوں ممالک کی دوستی کی بات چھیڑ دی ۔

بھارتی شہریوں نے بھی کہا کہ دونوں ممالک کی ثقافت ایک جیسی ہے ۔ تلخیاں کم ہونی چاہئیں ۔ پاکستانی مداحوں نے بھی اس یادگار لمحے کو خوب تعریف کے قابل سمجھا اور بھارتی کرکٹرز کی تعریف کی ۔

اسی طرح بھارتی میڈیا نے بھی اس خبر کو نمایاں کوریج دی ۔

 واضح رہے کہ  ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے پہلے مقابلے میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں107 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔