ندیم چشتی، بیوروچیف دی سپرلیڈڈاٹ کام اسلام آباد۔ ملک میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھنے لگا، گلیشئرز پگھلنے کا عمل تیز، خطرے کی گھنٹی بج گئی
دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھنے کا الرٹ جاری کیا ہے ۔ میٹ آفس کے مطابق بالائی وسطی سندھ،جنوبی پنجاب میں شدیدگرمی پڑےگی۔پارہ چھیالیس سے اڑتالیس تک پہنچے گا ۔ میدانی علاقوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں جس سے درجہ حرارت کا احساس زیادہ ہوگا۔ کراچی میں بھی موسم خشک اور انتہائی گرم رہے گا۔ خشک موسم کےباعث فصلوں اور باغات کو پانی کی کمی کا خطرہ بڑھ گیا۔دوسری جانب شمالی علاقہ جات کا درجہ حرارت بھی بڑھ رہا ہے ۔
ہنزہ ششپر گلیشئر پھٹنے کے بعد سیلاب آگیا۔ گزشتہ دو دہائیوں میں پہلی مرتبہ یہ گلیشئر بڑی مقدار میں ٹوٹ کر دریا کے بہاؤ میں اضافے کا باعث بنا ہے ۔ اس گلیشئر کے ٹوٹنے کی وجہ سے حسن آباد بھی سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کو متبادل راستہ اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
گلیشئیر پگھلنے سےدریاؤں کےپانی کے بہاؤ میں اضافے کاامکان بڑھ گیا ہے ۔ وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے سیلابی صورتحال کے پیش نظراداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت میں گلیشئر پگھلنے سے حسن آباد پل ٹوٹنے کی اطلاع تشویش ناک ہے۔ وزارت ماحولیاتی تبدیلی نے گزشتہ ہفتے گلگت بلتستان میں جھیلوں کے پھٹنے اور سیلاب کی وارننگ جاری کی تھی۔ امید ہے این ڈی ایم اے اور دیگر ریسکیو ادارے سیلاب میں پھنسے لوگوں اور سیاحوں کو نکالنے کے لئے فوری امدادی کاروائیاں کریں گے ۔ درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کی وجہ سے گلیشیئر پگھل رہے ہیں۔